صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار پیراگلائیڈنگ ایونٹ 6 نومبر کومنعقد کرنے کافیصلہ

جمعہ 4 نومبر 2016 12:02

پشاور۔04نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء) ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے 6نومبر کو عوام کی تفریح کیلئے صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر پیراگلائیڈنگ ایونٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مرد و خواتین پہلی بار مصری بانڈہ اکوڑہ خٹک کے مقام پر پیراگلائیڈنگ کے مزے لوٹ سکیں گے ٬ ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے صوبہ کی عوام کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں تاریخ میں پہلی بار سرکاری سطح پر مرد و خواتین کو پیراگلائیڈنگ کی ٹریننگ دینے کے بعد پیراگلائیڈنگ کرائی جائے گی ٬ ایونٹ میں پہلے روز 5نومبر کو ٹریننگ اور دوسرے روز اکوڑہ خٹک کے مقام پر پیراگلائیڈنگ کی جائے گی٬ صوبہ کی عوام خصوصاً نوجوان نسل کیلئے ٹوورازم کارپوریشن نے پیراگلائیڈنگ کے مختلف 5ایونٹس ماہ نومبر اور دسمبر میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ اکوڑہ خٹک میں مصری بانڈہ کے مقام پر منعقد کئے جائینگے ٬ اس سلسلے میں پہلے ایونٹ کا انعقاد5اور 6نومبر کوکیا جائے گا جس میں 5نومبر کو حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں اس کی ٹرینر کے ذریعے باقاعدہ ٹریننگ دی جائے گی جبکہ 6نومبر کو اکوڑہ خٹک کے مقام پر پیراگلائیڈنگ کا میلہ منعقد ہو گا جس میں ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 2 سولو فلائٹس دی جائینگی جبکہ دیگر فلائٹس پیراگلائیڈر کو خود کرنے کی اجازت ہوگی ٬پیراگلائیڈنگ کیلئے انٹری فیس 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ٬ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اس موقع پر کھانے پینے سمیت ٹرانسپورٹ ٬ فرسٹ ایڈکی سہولیات فراہم کریگی جبکہ آخر میں شرکاء میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے جائینگے ٬۔

(جاری ہے)

پیراگلائیڈنگ کے دیگر ایونٹس 19 اور 20نومبر٬ 3اور 4دسمبر٬ 16اور 17دسمبر جبکہ آخری ایونٹ 30 اور 31دسمبر بروز ہفتہ اتوار کو منعقد کئے جائینگے۔پہلے چارہر ایونٹ سے دو بہترین پیراگلائیڈر کا چنائو کیا جائے گا جن کے مابین دسمبر کے آخر میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں مقابلہ ہو گا اور ان میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے جائینگے۔