وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر کا ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی

جمعرات 3 نومبر 2016 18:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام ایل او سی پر رہنے والے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارتی جارحیت کا جواں مردی اور بہادری سے مقابلہ کرنے پر اُنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں٬ بھارت اوڑی حملے٬ نام نہاد سرجیکل سڑائیک کے ڈراموں کے بعد سخت مایوسی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے جس کا اظہار وہ ایل او سی پر سیز فائز معاہدے کی ہر روز خلاف ورزی کرکے کر رہا ہے۔

جمعرات کو یہاں سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے قبل 2015ء میں بھی بھارت نے 500 سے زائد مرتبہ ایل او سی کی خلاف ورزی کی اور حالیہ بھارتی جارحیت کے درجنوں واقعات سامنے آئے ہیں جس میں اب تک درجنوں شہری شہید ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس قسم کے کی چنگاری کسی بھی بڑے تصادم کا باعث بن سکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے بھارتی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کوغیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے سے باز آ جائے۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے بعد سفارتی عملے کا تخریبی کارروائیوں میں ملوث پایا جانا بھارت کے اس ذہن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت اُس نے پاکستان کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے ثبوت عالمی برادری کو دے رہا ہے اور عالمی برادری کو بھارت کی ان تخریبی کاروائیوں کا فی الفور نوٹس لے کراس کے خلاف کاروائی کرنی چاہئے۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ یہ بھارت کی بھول ہے کہ وہ ان تخریبی کاروائیوں ٬ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم لوگوں پر ظلم کرکے ہمیں اپنے اُصولی موقف سے پیچھے ہٹا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرُامن تحریک آزادی کی شمع 70 سال کے بعد اپنی بھرپور آب وتاب سے روشن ہے۔کشمیریوں کی چوتھی نسل بھارتی غاصبیت کا مقابلہ کر رہی ہے اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اُس وقت تک سفارتی ٬اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گا جب تک اُن کو اپنا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایل او سی پر رہنے والوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں او ر اس ضمن میں آزادحکومت ایک مربوط پلان پر عمل درآمد کر رہی ہے جس میں وفاقی حکومت اس کی بھرپور معاونت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :