فاٹا کے تمام مسائل کی جڑ ایف سی آر ہے ٬ اسکے خاتمے کے بعد لوگ اپنے مسائل خود حل کرسکیں گے٬ شہاب الدین خان

جمعرات 3 نومبر 2016 18:47

باجوڑایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 نومبر2016ء) رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے تمام مسائل کا جڑ ایف سی آر ہے اور اس کے خاتمے کے بعد لوگ اپنے مسائل خود حل کرسکیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے باجوڑایجنسی کے تحصیل برنگ کے دورافتادہ علاقے شربتئی میں بٹ خیلہ اور باجوڑ کو ملانے والے پل کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں مسلم لیگ یوتھ ونگ فاٹا کے آرگنائزر نظام الدین خان ٬ انتظامیہ کے اہلکاروں ٬ سیاسی وسماجی اور عوامی رہنمائوں کیساتھ ساتھ لوگوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔شہاب الدین خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں سوسالہ فرسودہ نظام ایف سی آر تما م مسائل کا جڑہے اور اس کے خاتمے کے بعد مقامی لوگ اس بات کے قابل ہوجائیں گے کہ وہ اپنی مسائل خود حل کرسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف سی آر کے خاتمے کے بعد یہاں پر مقامی ناظمین اور کونسلرز ہوں گے جوکہ مقامی لوگوں سے منتخب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں او رباجوڑایجنسی میں اشیائے خوردونوش پرناجائز ٹیکس عائد ہے جوکہ حکومت کے حامی قبائلی ملکانان کو دیاجاتاہیں جوکہ سراسر ظلم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ نظام کیوجہ سے فاٹا کیلئے مختص 15ارب روپے میں سے بمشکل 5ارب روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ باقی 10ارب قومی خزانے میں واپس جاتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ بہت جلد وفاقی حکومت فاٹا سے فرسودہ نظام ایف سی آر کا خاتمہ کریگی ۔ اس سے قبل رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے 2010؁ء میں سیلاب کیوجہ سے تباہ ہونیوالے پل کا افتتاح کیا ۔پل کے تعمیر پر12کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔ یادرہے کہ پل کے دوبارہ تعمیر عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جوکہ پورا ہوگیا۔