تحریک آزادی کشمیر کو پروان چڑھانے ٬بھارتی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے میر پور میں 6نومبر کو شہداء جموں کانفرنس منعقد ہو گی ۔کشمیر میں ہونے والی بھارتی بربریت دنیا دیکھ رہی ہے لیکن انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار خاموش تماشائی ہیں

دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ کی پریس کانفرنس

جمعرات 3 نومبر 2016 16:51

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 نومبر2016ء) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو پروان چڑھانے ٬بھارتی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے میر پور میں چھ نومبر کو شہداء جموں کانفرنس منعقد ہو گی ۔کشمیر میں ہونے والی بھارتی بربریت دنیا دیکھ رہی ہے لیکن انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار خاموش تماشائی ہیں٬بھارت سے سفارتی تعلقات کا خاتمہ دفاع پاکستان کونسل پہلے سے کہہ رہی تھی اب ثابت ہو گیا کہ بھارتی سفارتخانہ را کا اڈہ ہے۔

٬سانحہ کوئٹہ اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ہی ملوث ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام(س) کے رہنما مفتی رویث خان ایوبی٬جماعة الدعوة آزاد کشمیر کے رہنماحمید الحسن ٬جماعت اسلامی کے رہنما عتیق الرحمان٬مسلم کانفرنس کے رہنما راجہ محمد ظفر٬انصار الامة کے رہنما محمد اسلم گوئی٬تحریک نوجوانان پاکستان کے رہنما محمد عرفان٬جماعة الدعوة میر پور کے مسئول سجاد احمد بھی موجود تھے۔

قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ چھ نومبر کو قائداعظم سٹیڈیم میں شہداء جموں کانفرنس کی میزبانی جماعة الدعوة میر پور کرے گی۔کانفرنس سے دفاع پاکستان کونسل میں شامل مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے٬کانفرنس کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 1947سے مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں٬قیام پاکستان سے قبل ہی کشمیریوں نے الحاق پاکستان کا اعلان کر دیا تھا۔

اسوقت سے بھارت نے مظالم کا آغا ز کیا٬اور اب حالیہ تحریک میں مظفر وانی کی شہادت کے بعدآج ایک سو سترہ دن بیت گئے بدترین مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ نومبر سیاہ ترین دین ہے جس دن بھارت نے جموں کے مسلمانوں کے ساتھ دھوکا کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے نام پر جمع کیا گیا اور انکا اجتماعی قتل عام کیا گیا٬چار لاکھ سے زائد لوگوں کو شہید کیا گیا٬جموں کے مسلمان اکثریت میں تھے انہیں اقلیت میں بدلنے اور پاکستان سے محبت کی سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اب بھی یہی کیفیت ہے٬بھارتی فوج کی کالونیاں بسائی جا رہی ہیں تا کہ مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کو بدلا جا سکے٬حالیہ تحریک میںہزاروں کشمیری زخمی ہوئے ہیں٬ایک ہزار پیلٹ گن سے زخمی ہوئے٬ سینکڑوں جوانوں کی بینائی ضائع ہو چکی ہے لیکن دنیا کی عدالت انصاف سوئی ہوئی ہے٬اقوام متحدہ بھی سرد مہری کا شکار ہے٬ایک قتل پر واویلا کرنے والے کشمیریوں کے قتل عام پر خاموش ہیں٬دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی و دیگر حریت قائدین گرفتار ہیںِٹرانسپورٹ٬موبائل بند٬نظام زندگی معطل ہے٬وہاں کے ہسپتال ٹارچر سیل بن چکے ہیں٬ایمبولینسوں میں مریضوں کو قتل کیا گیا ٬کشمیریوں کو پاکستان سے محبت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی دنگل چل رہا ہے٬کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارت مختلف حربے استعمال کر رہا ہے٬کوئٹہ دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے٬آرمی پبلک سکول میں بھی بھارت ہی ملوث تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم بہت پہلے سے کہتے آ رہے تھے کہ بھارت سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں کیونکہ بھارت سفارتخانوں میں موجود را کے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے٬آج یہ بات سچ ثابت ہوگئی ہے کہ بھارتی سفارتخانے کے اہلکار ’’را‘ کے ایجنٹ ہیں اور وطن عزیز کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے لئے کام کر رہے تھے۔

وہ دہشت گردی کروا کر سی پیک کو نقصان پہنچاناچاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگرانڈیا باز نہ آیا تو پورے خطے کا امن تباہ ہو جائے گا۔کشمیریوں کی سیاسی٬اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور ہر ممکن مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جو جماعت کشمیر کا نام لیتی ہے اس کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے ۔کشمیریوں سے ہمارا رشتہ اخوت کا ہے اور وہ ہمارے بھائی ہیں۔پاکستان اور اسلام کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔کشمیری میڈیا نے حالیہ تحریک میں فعال کردار ادا کیا اوربھارتی ظلم و بربریت کو بے نقاب کیا۔ میڈیا کو کشمیریوں کی تحریک آزادی کا بھر پور ساتھ دینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :