کشمیری مسلمانوں کو مسلسل تختہ مشن بنایا جا رہاہے‘ حریت رہنما

بھارتی فورسز اور ڈوگرہ سپاہیوں نے 1947میں ایک منظم سازش کے تحت جموں کے لاکھوں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا تھا‘شہدائے جموں کو خراج عقیدت

جمعرات 3 نومبر 2016 13:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں جموںو کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے شہدائے جموں اور دیگر کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک آزادی کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندو انتہا پسند تنظیموں کے کارکنوں٬بھارتی فورسز اور ڈوگرہ سپاہیوں نے 1947میں ایک منظم سازش کے تحت جموں کے لاکھوں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا تھاجبکہ کشمیری مسلمانون کو تختہ مشق بنانے کا یہ سلسلہ اس وقت بھی جاری ہے۔

نعیم احمد خان نے پر امن مظاہرین پر مہلک پیلٹ بندوق کے مسلسل استعمال کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

کشمیر فریڈم فرنٹ چیئرمین سید بشیر اندرابی نے وادی کے اطراف و اکناف میں چھاپوں کے دوران نوجوانوں کی گرفتاری اوران کو تشدد کا نشانہ بنانے پر سخت تشویش ؂ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حربوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔بشیر اندرابی نے کہا کٹھ پتلی حکومت بے جواز گرفتاریوں اور دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے نوجوانوں کو تحریک آزادی سے دور کرنا چاہتی ہے لیکن ایسی کارروائیوں کے تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں۔

اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ محمدیوسف نقاش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر یوں کی جد وجہد آ زادی کو کچلنے کیلئے نہتے لوگوں کے خلاف باضابط جنگ چھیڑ رکھی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کبھی بھی کشمیر یوں کے جذبہ آ زادی کو دبانہیں سکتے۔ محمد یوسف نقاش نے نوجوانوں کی گرفتاریو ں اور ان پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاز کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں افراد کو گرفتاری کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کے سیاسی اور معاشرتی حقوق کے ساتھ ساتھ مذہبی حقوق میں سلب کر لیے گئے ہیں۔