کٹھ پتلی انتظامیہ کا واحد کام نئی دلی کے اپنے آقائوں کے اشاروں پر ناچنا ہے ٬ حریت کانفرنس

متحدہ مزاحمتی قیادت کو ملاقات سے روکنے کے اقدام کی مذمت

جمعرات 3 نومبر 2016 13:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے سید علی گیلانی٬ میر واعظ عمر فارو ق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ مزاحمتی قیادت کو ملاقات کی اجازت نہ دیکر ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ اسکا واحد کام نئی دلی کے اپنے آقائوں کو اشاروں پر ناچنا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کی موجودہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں پر جبر و استبداد کے حوالے سے پچھلی حکومتوں کے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نوازکشمیری سیاست دان اپنے اقتدار کے لیے سب کچھ قربان کرسکتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل پر ان لوگوں کی زبانیں بالکل گنگ ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کشمیریوںسے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف بھارت اور کٹھ پتلی حکومت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیںاور متحدہ حریت قیادت کے پروگرموں پر یکسوئی کے ساتھ عمل در آمد کریں۔

میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کو سید علی گیلانی کے ساتھ بدھ کے روز سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کرنا تھی لیکن میر واعظ کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ محمد یاسین ملک کو حیدرپورہ پہنچ کر بھی سید علی گیلانی کے گھر کے اندر جانے نہیں دیا گیا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے فیصل یوسف بٹ اور معراج الدین ڈار کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

فیصل یوسف اور معراج الدین کو بھارتی فوجیوں نے 3نومبر 2014کو چھتر گام میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں نوجوانوں کے قاتل اہلکاراب بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں اورمتاثرہ خاندانوں کو تاحال انصاف نہیں مل سکا ۔ ترجمان نے شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاںایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہو گا۔