لاہور٬ یونین کونسل 66مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین سے مبینہ طور پر رشوت لینے اورجھوٹے مقدمات پر ڈی ایس پی اسلام پورہ مہر ممتاز کیخلاف انکوائری شروع

بدھ 2 نومبر 2016 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2016ء) یونین کونسل 66مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین سے مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے رشوت لینے اورپانچ لاکھ روپے مزید رشوت کا مطالبہ کرنے اورجھوٹے مقدمات درج کرانے پر ایس ایس پی آپریشن سید منتظر مہدی نے ڈی ایس پی اسلام پورہ مہر ممتاز کے خلاف انکوائری شروع کردی۔ یونین کونسل66مسلم لیگ(ن)کے چیئرمین اویس چیمہ نے بتایا کہ اسکے پلاٹ کا تنازعہ چل رہا تھا چند روز قبل عدالت نے فیصلہ اسکے حق میں کردیا جس پر عدالتی احکامات پولیس کو فراہم کئے گئے مگر ڈی ایس پی اسلام پورہ مہر ممتاز نے عدالتی احکامات ماننے کی بجائے رشوت کا مطالبہ کردیا جس پر ڈی ایس پی مہرممتاز کو ایک لاکھ روپے بطور نذارنہ دیا گیا اور پلاٹ کی چاردیواری شروع کروا دی اس دوران ڈی ایس پی مہر ممتاز نے پولیس اہلکار کے ہاتھ پیغام بھجوایا کہ مزید پانچ لاکھ روپے دو ورنہ تمہارا کام روک دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی اسلام پورہ کو مزید پانچ لاکھ روپے رشوت نہ دی گئی تو ڈی ایس پی مہر ممتاز نے جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا ۔ مگر چند روز بعد ہی عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمہ جھوٹا قرار دیتے ہوئے خارج کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین اویس چیمہ نے کہا ہے کہ اب ڈی ایس پی اسلام پورہ مہر ممتازمیرے مخالفین سے ملکر میرے خلاف جھوٹی درخواستیں تھانے دے کر مجھے تنگ کررہا ہے۔

میرے مخالفن ڈی ایس پی اسلام پورہ مہر ممتاز سے ملکرمجھے قتل کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔اویس چیمہ نے کہا کہ وہ عوامی نمائندہ ہے عوام نے اپنے ووٹ دے کر مجھے کامیاب بنایا ہے مجھے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے گھر سے باہر نکلنا پڑتا ہے مگر ڈی ایس پی مہر ممتاز کے اوچھے ہتھکنڈوں کی وجہ سے گھر سے نکلنا محال ہو کر رہ گیا ہے۔یونین کونسل 66کے چیئر مین اویس چیمہ نے بتایا کہ ڈی ایس پی مہر ممتاز کے اوچھے ہتھکنڈوں سے تنگ آکر دو روز قبل وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے شکایت سیل میں درخواست دی۔

وزیر اعلی پنجاب شکایت سیل کی طرف سے درخواست سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر)امین وینس کو بھجوائی گئی جس پر سی سی پی او لاہور نے ایس ایس پی آپریشن سید منتظر مہدی کو انکوائری کے احکامات جاری کئے۔ ایس ایس پی آپریشن سید منتظر مہدی کی جانب سے آج 12بجے یونین کونسل 66کے چیئرمین اویس چیمہ کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے بلایا گیا ہے۔ جس کے بعد ڈی ایس پی اسلام پورہ مہرممتاز کو انکوائری میں بلایا جائے گا او ر انکوائری مکمل کرکے رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دی جائے گی۔مسلم لیگ (ن )کے چیئرمین اویس چیمہ نے کہا کہ اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں اگر اسے یا اکے کسی رشتہ دار کو کوئی نقصان پہنچا تو اسکی تمام ذمہ داری ڈی ایس پی اسلام پورہ مہر ممتازپر عائد ہو گئی۔