Live Updates

عوام نے عمران خان کی انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا ‘ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم کا نام نہ ہونے کے باجود احتساب کیلئے پیش کر دیا ‘ بھاری ذمہ داری ادا کر کے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے ‘ عوام اپنے رہنمائوں کا احتساب خود کرتے ہیں

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا ٹی وی انٹرویو

بدھ 2 نومبر 2016 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام نے عمران خان کی انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے ‘ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم کا نام نہیں تھا لیکن انہوں نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ‘ بھاری ذمہ داری ادا کر کے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے ‘ عوام اپنے رہنمائوں کا احتساب خود کرتے ہیں۔

وہ بدھ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اپو زیشن کا بہت اہم کردار ہے ‘ ہم اپوزیشن کے ساتھ مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کریں گے اور ملک کو استحکام کی طرف لے جائیں گے۔ ہم تحمل اور برداست کی سیاست چاہتے ہیں‘ عوام نے عمران خان کی بہتان اور الزام کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انتشا رکی سیاست کسی کے مفاد میں نہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ پانامہ لیکس میں نواز شریف کا نام نہیں تھا لیکن اس کے باوجود وزیر اعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو ترقی کی طرف گامزن کر دیا ہے اس لئے حکومت کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بہترین محتسب ہیں اور عوام اپنے رہنمائوں کا احتساب خود کرتے ہیں۔

پیپلز پارٹی ملک کے استحکام کی خواہاں ہے اس لئے ہم ان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اہم ذمہ داری ملنے پر اللہ تعالیٰ کی مشکور ہوں اور بھاری ذمہ داری ادا کرنے کی کوشش کروں گی۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے احسن انداز میں نمٹیں گے۔ حکومت نے اپنے دور میں ملک کیلئے کام کیلئے ہے اور تبدیلی کیلئے 2018ء کا انتظار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ایک اہم کردار کی مالک ہے اس لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ …(رانا)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات