ایم کیو ایم کے رئوف صدیقی اور پاک سرزمین پارٹی کے انیس قائم خانی جیل سے رہاہو گئے

بدھ 2 نومبر 2016 22:18

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماء اور رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی کو رہا کر دیا گیا۔ رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار سمیت تمام رابطہ کمیٹی کے ارکان٬ حق پرست ارکان اسمبلی کا مشکور ہوں جو مجھے جیل سے لینے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں جب جیل سے سندھ اسمبلی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ووٹ دینے آیا تو میں قیدی تھا آج میں باقاعدہ آزاد حیثیت میں وزیراعلیٰ سندھ کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں٬ ہم سب پاکستان کے اٹوٹ انگ ہیں۔

دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی جیل سے رہائی حاصل کرنے کے بعد پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاؤس پہنچ گئے۔ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کی تھی٬ پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی کی رہائی کی خبر سنتے ہی کارکنا ن اور ذمہ داران مرکزی دفتر پاکستان ہاؤس پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ انیس قائم خانی نے تمام شرکاء٬ کارکنان وعوام سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔