گورنر سندھ کا صوبائی محتسب ادارے کی کارکردگی پر خراج تحسین

بدھ 2 نومبر 2016 22:18

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صوبائی محتسب کے ادارے کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ صوبہ کے عوام کو کسی دشواری یا مشکل کے بغیر سستے ترین انصاف کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی محتسب اسد اشرف ملک سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے اپنے ادارے کی 2015ء کی سالانہ رپورٹ بھی گورنر سندھ کو پیش کی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس ادارے کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ سرکاری ادروں اور محکموں میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے ضمن میں عوام کی شکایات کا ازالہ جلد از جلد اور کم وقت میں کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ محتسب کے ادارے کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ صوبائی محتسب اسد اشرف ملک نے گورنر سندھ کو بتایا کہ سال 2015ء کے دوران ادارے کو 6476 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 2905 پر تحقیقات کی گئیں ان میں سے 37 شکایات اطلاعات تک رسائی کے قانون جبکہ 80 شکایات بچوں کے معاملات سے متعلق تھیں۔

اس سال کے دوران 1676 شکایات کا فیصلہ کیا گیا اور 1194 کو درست قرار پاکر ان پر فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک کیس میں ازخود نوٹس اور 4 کیسز کے محتسب ایکٹ کے سیکشن 33 کے تحت فیصلہ کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس عرصہ میں کراچی اور لاڑکانہ میں تین سمینارز بھی منعقد کئے گئے جن کا عنوان انتظامی انصاف کے ضمن میں صوبائی محتسب کا کردار تھا۔ ان سمینارز کا مقصد عوام کے حقوق اور محتسب کے ادارے کے بارے میں عوام میں آگاہی بیدار کرنا تھا۔

متعلقہ عنوان :