آذر بائیجان کا دورہ کرکے تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے٬ عبدالرئوف عالم

بدھ 2 نومبر 2016 21:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین برادرانہ تعلقات کے باوجود تجارت پوٹینشل سے بہت کم ہے٬ ایف پی سی سی آئی کا ایک وفد جلد ہی آزربائیجان کا دورہ کرکے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لے کر انہیں دور کرنے کی کوشش کرے گا جبکہ دونوں حکومتوں کو بھی سفارشات پیش کی جائیں گی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے یہ بات آذر بائیجان کے سفیر علی علی زادہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین تیل٬ گیس٬ ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ ہم برادر اسلامی ملک کے صدر اور وزیر دفاع کے دورے کے منتظر ہیں جو چند ماہ میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آذر بائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے کہا کہ ان کے ملک کا نجی شعبہ پاکستان سے بڑی تعداد میں ٹیکسٹائل مصنوعات درامد کرنا چاہتا ہے جس کے لئے ایف پی سی سی آئی سے تعاون درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت بڑھانے کے سلسلے میں انہوں نے وزیر تجارت خرم دستگیر خان سے بھی ملاقات کی ہے جبکہ وہ اپنے ملک میں جلد منعقد ہونے والے ای سی او بزنس فورم میں پاکستان کے اعلیٰ حکام اور نجی شعبہ کی بھرپور شرکت کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ملک میں پاکستانی چاول کی بڑی مانگ ہے جس سے مقامی برآمد کنندگان فائدہ اٹھائیں٬ دونوں ممالک کے مابین براہ راست پرواز یں شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے برادرانہ تعلقات اور تجارت میں مزید اضافہ ہو گا۔