سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کے معاملہ کے حوالہ سے درخواستوں کی سماعت کے موقع پر (آج) سیکورٹی کے خصوصی انتظامات

بدھ 2 نومبر 2016 21:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کے معاملہ کے حوالہ سے مختلف درخواستوں کی سماعت کے موقع پر (آج) جمعرات کو سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق بنچ نمبرون میں پانچ رکنی لارجر بنچ کی کارروائی دیکھنے کیلئے صرف خصوصی سیکورٹی پاسز کے حامل افراد ہی کو اندرجانے کی اجازت ہوگی جو درخواست گزاروں یا مدعا علیہان کو سپر یم کورٹ کی انتظامیہ جاری کرے گی٬ تاہم سپریم کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر آنے والے وکلا اور صحافی پاسز سے مستثنیٰ ہوں گے٬ مقدمہ کی سماعت دیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے دیگر لوگ ’’خصوصی سیکورٹی پاسز‘‘ کے حصول کیلئے سپریم کورٹ کے ایس پی سیکورٹی سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں٬ سپریم کورٹ میں داخلہ کیلئے سخت جامہ تلاشی لی جائے گی اور وزیٹر کو موبائل فون کمرہ عدالت کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ مقدمہ کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میںقائم5 رکنی لارجر بنچ کرے گا جس کے دیگر اراکین میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ٬ جسٹس امیر ہانی مسلم٬ جسٹس شیخ عظمت سعیداور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں ۔