صحافی ہمارا اثاثہ ہیں٬ ان کی سلامتی اور تحفظ ضروری ہے٬ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

صحافی برادری پر حملے کا مقصد سچ کودبانا ہوتا ہے جس کی وجہ سے عافیہ کی طرح ہزاروںبے گناہ متاثر ہوئے ہیں صحافیوں کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر کراچی پریس کلب کے وفد کی 86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘میں شرکت

بدھ 2 نومبر 2016 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) ’’صحافیوں کے خلاف جرائم میں سزاسے چھوٹ کے خلاف عالمی دن‘‘ کے موقع پر کراچی پریس کلب پر 86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کے شرکاء نے صحافی برادری سے یکجہتی کے اظہار کیلئے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے جنرل سیکریٹری اے ایچ خانزادہ نے ایک وفد کے ہمراہ علامتی بھوک ہڑتال کیمپ میں شرکت کی اور ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ صحافی ہمارا اثاثہ ہیں٬ ان کی سلامتی اور تحفظ ضروری ہے۔صحافی برادری پر حملے کا مقصد سچ کودبانا ہوتا ہے جس کی وجہ سے عافیہ کی طرح ہزاروںبے گناہ متاثر ہوئے ہیں۔ناانصافی کے خاتمے کیلئے سچ کا منظرعام پر آنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

صحافیوں کے لئے خطرناک ترین ممالک میں پاکستان کا چوتھا نمبرافسوسناک ہے۔

صحافت پر حملہ کرنے والے ملزمان کا قانون کی گرفت سے بچ جانا اظہار آزادی کا گلہ گھونٹ دینے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں کی سیاسی تربیت کریں۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین اپنے کارکنوں کو ہدایت کریں کہ صحافیوں کو معتوب نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کا اغواء٬ مقدمہ اور سزا کا عمل ناقابل یقین ہے۔امریکہ دنیا کی ایک بڑی سیاسی اور فوجی طاقت ہے۔ اسے ایک کمزور عورت کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور امریکی صدرباراک اوبامہ سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرکے وطن واپس بھیجا جائے۔عافیہ موومنٹ کی رضاکاروں عذرا امجد٬ساجدہ پروین٬ کلثوم نواز٬ بسمہ ہارون٬ ارم حنیف٬ مہرالنساء ٬ نوراسلم٬ نجمہ ابراہیم٬ فوزیہ ابراہیم٬ امیر بی بی٬ تسلیم غلام رسول٬ عابدہ پروین٬عدنان بھٹی٬ امام حسین ہمدم و دیگرنے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں46ویں دن بھی ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے تلاوت کلام پاک٬ ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔

متعلقہ عنوان :