ہمارا عدالتوں پر بھرپور اعتماد ہے ٬ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے٬ ڈاکٹر محمد فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ پرامن سیاسی جماعت ہے جو سیاسی و جمہوری عمل کو فروغ کیلئے میدان عمل میں ہے٬ کنوینر ایم کیوا یم پاکستان ہم سب پاکستان کے اٹوٹ انگ ہیں٬ ہماری حب الوطنی پر شک کرنا سنگین جرم ہے٬ عبدالررؤف صدیقی ٬ رکن رابطہ کمیٹی و حق پرست رکن سندھ اسمبلی ہم پاکستان کا نظام حکومت بدلیں گے ٬ متحدہ کے پاس انشاء اللہ وزارت اعلیٰ بھی آئے گی٬ رکن رابطہ کمیٹی عبدالرؤف صدیقی ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی رکن رابطہ کمیٹی و حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبدالرؤف صدیقی کی رہائی کے موقع پر پریس کانفرنس

بدھ 2 نومبر 2016 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے رکن اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی کی رہائی ہوا کا تازہ جھونکا اور نیک شگون ہے ٬ ہمارے تمام بے گناہ ساتھیوں ٬ میئر کراچی ٬ وسیم اختر ٬ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ٬ کنور نوید جمیل ٬ سید شاہد پاشا ٬ ارکان رابطہ کمیٹی قمر منصور ٬ گلفراز خان خٹک ٬ حق پرست رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید سمیت ایم کیو ایم کے تمام بے گناہ کارکنان کو بھی رہا کرکے ایک مثبت قدم کا آغاز کیا جائے ۔

انہوں نے یہ بات رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالرؤف صدیقی کی رہائی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ٬ محترمہ نسرین جلیل ٬ ارکان رابطہ کمیٹی ٬ حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ڈاکٹر فاروق ستار کی اہلیہ محترمہ افشاں فاروق بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ہمارا عدالتوں پر بھرپور اعتماد ہے ٬ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے ٬ ایم کیوا یم ایک پرامن سیاسی جماعت ہے جو سیاسی و جمہوری عمل کو فروغ دینے کیلئے میدان عمل میں ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ پرامن سیاسی کارکنوں کی رہائی پر ہمیں خوشی ہوگی ٬ ہم اس تاثر کی نفی چاہتے ہیں کہ پرامن سیاسی رہنماؤں کی سیاست پر غیر اعلانیہ پابندی ہو ٬ ہمیں یقین ہے کہ جلد ہمارے دفاتر بھی ہمیں واپس کردیئے جائیں گے اور ہمیں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی جو کہ ہمارا بھرپور حق ہے ۔ ہم بلدیاتی اداروں میں بھی اختیارات اور خدمت کیلئے تعاون کے متمنی ہیں٬ ہم کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں خصوصاً پورے سندھ میں ترقی کیلئے مشترکہ کام کرنے کے علاوہ وسائل کی فراہمی کیلئے بھی ارباب اقتدار سے مثبت پیش رفت کی امید کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے رؤف صدیقی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکا آنا ہمارے لئے توانائی سے کم نہیں ٬ نیک شگونی کا آغاز ہوگیا ہے ۔ رکن رابطہ کمیٹی اور رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے کہا کہ میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار سمیت تمام رابطہ کمیٹی کے ارکان ٬ حق پرست ارکان اسمبلی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے جیل کے دروازے سے یہاں آنے تک بڑی تعداد میں مائیں ٬ بہنیں ٬بزرگ ٬ ایم کیوا یم کے عہدیداران نے مجھ میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ میرے بعد میئر کراچی بابائے کراچی وسیم اختر کی رہائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے ٬ ہم عدلیہ سے انصاف کی بھرپور امید کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں جب جیل سے سندھ اسمبلی وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کو ووٹ دینے آیا تو میں قیدی تھا آج میں باقاعدہ آزاد حیثیت میں وزیراعلیٰ سندھ کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ٬ ہم سب پاکستان کے اٹوٹ انگ ہیں٬ ہماری حب الوطنی پر شک کرنا سنگین جرم ہے ٬ جیلوں میں سینکڑوں ساتھی بے گناہ قید ہیں انکی رہائی کا مطالبہ کرتا ہوں ٬ عبدالرؤف صدیقی نے کہا کہ ہماری جدوجہد پاکستان کی جدوجہداور مظلوم و محکوم عوام کی جدوجہد ہے ٬ ہم منصفانہ عدالتی نظام کے خواہاں ہیںجو پاکستان کو نقصان پہنچائے گا ہم اسکے دشمن ہیں ٬ مملکت پاکستان اللہ کا تحفہ ہے ٬ پاکستان اسلام کی بھی روح ہے ٬ افغانستان ٬ ایران ٬شام ٬ یمن ٬ سعودی عرب ٬ ترکی ٬ لیبیا سب اسلام کا قلعہ ہیں ٬ ہم پاکستان اور اسلام کے قلعہ کے رکھوالے لوگ ہیں ٬ ہم پاکستان کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہادیں گے۔

ایم کیوا یم پاکستان ہر سطح کے غریب و مظلوم عوام کے ماحول کو تبدیل کیا جائے ٬ دہرا٬ تہرا نظام ختم کیا جائے ٬ کراچی سے شروع ہوکر پورے پاکستان تک ایم کیوا یم پاکستان مضبوط و مستحکم ہورہی ہے ٬ ہم پاکستان کا نظام حکومت بدلیں گے ٬ متحدہ کے پاس انشاء اللہ وزارت اعلیٰ بھی آئے گی اور دوبارہ ایم کیوا یم فائنل کردار ادا کرنیوالی جماعت ہوگی ۔

انہوں نے اسیر وں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ٬ ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے مزید صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لاپتہ ساتھیوں کی بازیابی ہمارے لئے سب سے بڑی ترجیح ہے ٬ ایک ایک بے گناہ ساتھی کی رہائی چاہتے ہیں اور ہمیں انصاف کی قومی امید ہے لیکن سب سے پہلے میئر کراچی کو بلاتاخیر رہا کیا جائے ۔ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم پاکستان کو حاسدوں کے حسد سے اور شر سے محفوظ رکھے اور ساتھیوں کی رہائی ٬ شہیدوں کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔