مراد علی شاہ نے ڈاکٹر عاصم حسین کو ضمیر کا قیدی قرار دے دیا

ڈاکٹر عاصم کی بہت جلد دیگر مقدمات میں بھی ضمانت ہوجائے گی٬ ہمیں عدالتوں پر یقین ہے٬ وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 2 نومبر 2016 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈاکٹر عاصم حسین کو ضمیر کا قیدی قرار دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کی بہت جلد دیگر مقدمات میں بھی ضمانت ہوجائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بدھ کی دوپہر سندھ سیکریٹریٹ میںمشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جس کی ابتدا میں گڈانی حادثے میں جاں بحق افرادکے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے میڈیا کو ڈاکٹر عاصم سے ہونے والی اپنی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ وہ جناح اسپتال ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کرنے گئے تھے اور ڈاکٹرعاصم حسین کی صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں۔اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ ڈاکٹر عاصم کو اذیت دینے والے خود اذیتوں میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کو ایک سال سے زائد عرصے سے سیاسی قیدی بنایا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں عدالتوں پر یقین ہے٬ڈاکٹرعاصم تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد رہا ہوں گے۔مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ ڈاکٹر عاصم پرنیب کے مقدمات باقی ہیں٬اور بہت جلد ڈاکٹر عاصم کی نیب کے مقدمات میں بھی ضمانت ہوجائے گی۔۔مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ مجالس کو تحفظ فراہم کرنا پولیس اور سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردی کرتے ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے مڈٹرم الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹونے مڈ ٹرم انتخابات کی بات نہیں کی٬پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے مطالبات جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے بہت اہم ہیں اورہماری کامیابی جمہوریت کی مضبوطی میں ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھا کہ سندھ میں18سے 65 سال کے افراد کی حادثاتی موت میں اہل خانہ کوپیسے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کوپیسے بیوروکریسی کے ذریعے نہیں انشورنس کمپنی سے براہ راست ملیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ انشورنس پالیسی پرعمل درآمد یکم نومبر سے شروع ہوجائیگا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما جمیل سومرو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کا عمل جاری ہے۔ بلاول زرداری چار نومبر کو گھوٹکی میں جلسہ کرینگے۔