ملک و قوم کی قسمت کے فیصلے دھرنوں کی بجائے مقتدر ایوانوں میں ہونے چاہئیں ‘ ملک رفیق رجوانہ

وقت آ گیا ہے ہم اپنے اداروں پر اعتمادکریں ٬انہیں ملکی ترقی کے عمل میں شامل کرتے ہوئے با اختیار بنائیں٬پاکستان جن مشکلات اور نامساعد حالات سے گزر کر ترقی کی جانب گامزن ہوا ہے اُسے ذاتی اغراض و مقاصد کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے ‘ گورنر پنجاب کی گفتگو

بدھ 2 نومبر 2016 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی قسمت کے فیصلے دھرنوں کی بجائے مقتدر ایوانوں میں ہونے چاہئیں اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے اداروں پر اعتمادکریں اور انہیں ملکی ترقی کے عمل میں شامل کرتے ہوئے با اختیار بنائیں٬پاکستان جن مشکلات اور نامساعد حالات سے گزر کر ترقی کی جانب گامزن ہوا ہے اُسے ذاتی اغراض و مقاصد کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں اور صنعتکاروں کے 30 رکنی وفد سے گفت گو کے دوران کیا جنہوں نے چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن عرفان اقبال شیخ کی سربراہی میں گورنر ہائوس لاہور میں اُن سے ملاقات کی۔ ملاقات میںسر پرست اعلیٰ میاں انجم نثار٬ سینئر وائس چیئرمین صوفی تنویر احمداور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے جذبہ حب الوطنی ٬ اصول پسندی اور مثبت سوچ و فکر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے دھرنوں اور سیاسی ڈراموں کو مسترد کرتے ہوئے ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں رکھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کاروباری طبقہ اُسی وقت محنت اور سکون سے کام کر سکتا ہے جب اس ملک میں ساز گار حالات میسر ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے تو ہمیں ذمہ دارانہ سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسا اقدام اٹھانا ہوگا جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے۔

انہون نے کہا کہ دھرنے٬ احتجاج اور مظاہرے کسی صورت بھی عوام کے لئے سود مند نہیں۔گورنر نے کہا کہ تاجر برادری جس استقامت سے مشکل ترین حالات میں ملک کے کاروبار کو رواں دواں رکھے ہوئے ہے اس پر آپ لوگ یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے وفد کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو حل کرانے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی اعلیٰ عہدیدران سے اُن اداروں کے حوالے سے بات کریں گے جن سے آپ کے مطالبات اور مسائل وابستہ ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان بلاشبہ پچھلے ساڑھے تین سالوں میں ترقی کے اُس مقام پر کھڑا ہے جس پر بجا طور پر فخر کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ پنجاب کی بھی خوش قسمتی ہے کہ اُسے ایسے متحرک اور پر عزم وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی شکل میں میسر ہیںجنہوں نے اپنی زندگی صوبے کے عوام کے لیے وقف کر دی ہے ۔

دریں اثنا٬ میاں عزیز الر حمان چن کی قیادت میں سٹیل انڈسٹری سے وابستہ تاجروں کے دس رکنی وفد سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک میں بیروز گاری کے خاتمے کے لیے صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہیوی انڈسٹری کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کی ترقی کے لیے اقدامات اُٹھانا ہوں گے کیونکہ یہ سیکٹر بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی بھی صنعت سے بالواسطہ یا بلا واسطہ لاکھوں افراد منسلک ہوتے ہیں اور صنعت کو مضبوط کرنا در حقیقت ایسے لوگوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے جو اس سے وابستہ ہیں۔اس موقع پر عزیزالرحمان چن نے کہا کہ حکومت کے سنجیدہ اقدامات کے نتیجے میں صنعت کو توانائی کی فراہمی بہتر ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :