Live Updates

تحریک انصاف کے جلسے میں کوریج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی میڈیا انکلوژر بنایا گیا نہ ہی میڈیا سیل کا کوئی اہلکار میڈیا سے رابطے میں رہا ‘ رابطے پر سب کے فون نمبر بند ‘ اسٹیج کے سامنے الیکٹرانک میڈیا کیلئے صرف ایک کنٹینر ٬ چڑھنے کیلئے کمزور سیڑھیاں٬ خواتین میڈیا پرسنز کو شدید مشکلات

بدھ 2 نومبر 2016 21:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے بدھ کو پریڈ ایونیو میں منعقدہ جلسے میں کوریج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی میڈیا انکلوژر بنایا گیا نہ ہی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق‘ انچارج میڈیا سیل افتخار درانی سمیت میڈیا ٹیم کا کوئی اہلکار میڈیا سے رابطے میں رہا ‘ رابطے پر سب کے فون نمبر بند پائے گئے ‘ اسٹیج کے سامنے دائیں ہاتھ پر الیکٹرانک میڈیا کے لئے ایک کنٹینر لگایا گیا تھا جس پر چڑھنے کے لئے بانس کی سیڑھیاں لگائی گئی تھیں جن پر خواتین میڈیا پرسنز کو چڑھنے میں شدید مشکلات پیش آتی رہیں۔

سیڑھیاں چڑھنے کی کوشش میں 2 میڈیاکارکنان گر بھی گئے لیکن کسی کو کوئی خاص چوٹ نہیں آئی۔ پرنٹ میڈیا کے لئے کوئی جگہ مختص نہ کی گئی۔

(جاری ہے)

پرنٹ میڈیا کے رپورٹرز سارا وقت الیکٹرانک میڈیا کے کنٹینر کے نیچے کھڑے رہے جہاں سے نہ سٹیج کا منظر کلیئر تھا اور نہ ہی مجمع کو دیکھا جا سکتا تھا ۔ پی ٹی آئی پرنٹ میڈیا کے انچارج خود بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

انہوں نے خار دار تاروں پر چڑھ کر سٹیج کے سامنے موجود اہلکاروں کو پرنٹ میڈیا کیلئے چند کرسیاں فراہم کرنے کی درخواست کی تاہم ان کی بات کسی نے نہ سنی۔ انہوں نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے ہا کہ مجھے خود اسٹیج پر موجود کسی میڈیا کے ذمہ دار تک رسائی نہیں ۔ رپورٹرز نے صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے نعیم الحق اور افتخار درانی سے رابطے کیلئے فون اور ایس ایم ایس بھی کئے لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ …(رانا+ع ع)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :