گلگت بلتستان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا بیس کیمپ بنے گا‘پاک چین اقتصادی راہداری گلگت بلتستان کے لیے محمدنواز شریف کا عظیم تحفہ ہے ‘گڈ گورننس اور شفافیت کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کی گورنر جی بی غضنفر علی خان سے بات چیت

بدھ 2 نومبر 2016 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا بیس کیمپ بنے گا انہوں نے یہ بات آج گلگت بلتستان کے گورنر میر غضنفر علی خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج اسلام آبادمیں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی معاشی و سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ محمدنواز شریف کی سربراہی میں موجود ہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیروترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری کامنصوبہ محمدنواز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کی عوام کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ اس عظیم وشان منصوبے میں گلگت بلتستان اور بلوچستان کو انتہائی خصوصی اہمیت حاصل ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے گلگت سکردو روڈ٬بلتستان یونیورسٹی ٬ اور ہائیڈل پرجیکٹس سمیت متعدد منصبوے گلگت بلتستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس کی 95فیصد زمین ایکوائرکر لی گئی ہے گلگت بلتستان میں ان منصوبوں کی تکمیل سے یہ خطہ پاکستان کے پاور ہائوس کا درجہ اختیار کرے گا۔

انہوںنے کہاکہ گورنرگلگت بلتستان کی گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے کوششیں قابل ستائش ہیں اور اُن کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت ترقی کے اس سفر کو مزید تیز کر سکتے ہیں۔اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں وفاقی حکومت کی جانب سے دلچسپی اور خلوص پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محمدنواز شریف کی قیادت اور وژن کو عملی جامہ پہنچانے میں وفاقی وزیر کی کوشش قابل تعریف ہیں اور انہوں نے تمام مواقعوں پر گلگت بلتستان کے عوام سے خلوص اور محبت کا بھرپور اظہار کیا ہے جس کے لیے گلگت بلتستان کے عوام اُن کے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر نے گورنر گلگت بلتستان کی رہنمائی میں گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی جانب سے گڈ گورننس اور شفافیت کے لیے اٹھا ئے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ گورنر جی بی کی رہنمائی میں حافظ حفیظ الرحمن کی صوبائی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی خوشحالی و ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے جس سے وہاں کے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں کافی پیش رفت ہو رہی ہے اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں محمدنواز شریف کے وژن کوعملی جامہ پہنانے میں اپنا فعال اور موثر کردار اسی انداز میں جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :