پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام مکہ مکرمہ پر حملے کی جسارت کیخلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا‘مولانا محمد مشتاق

بدھ 2 نومبر 2016 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام مکہ مکرمہ پر حملے کی جسارت کیخلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا٬ پاکستان علماء کونسل سے متصل مساجد میں حوثی دہشتگردوں کی مذمت اور ار ض حرمین الشریفین کی سلامتی ٬استحکام اور دفاع کیلئے عزم کیا جائے گا٬ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلمانوں کی وحد ت کے مرکز ہیں٬حوثی باغیوں نے ملت اسلامیہ پر حملے کی کوشش کی ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل لاہور کے صدر مولانا محمد مشتاق لاہوری نے لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلمانوں کی وحدت کے مرکز ہیں اور مکہ اور مدینہ پر حملہ کرنے والوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے قائدین کی اپیل پر وفاق المسا جد پاکستان سے متصل مساجد میں 4نومبر کو تحفظ ودفاع ارض حرمین الشریفین پر خطبات جمعہ دئیے جائیں گے اور 4نومبر کو مرکزی جامع مسجد نہر والی جلوموڑ لاہور میں مکہ مکرمہ پر حملے کیخلاف پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گاجس کی قیادت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کریں گے۔

اجلاس میں مولانا حسین آزاد٬قاری عبد الحکیم اطہر٬ مولانا اشفاق پتافی٬قاری محمود زبیر زاہد٬مولانا عبد القیوم٬مولانا اسلم قادری٬حافظ محمد احتشام ٬مولانا اسلام الدین بھی شریک تھے۔