بلدیاتی حلقوں کی سطح پر بچوں کے تحفظ کے لئے مختلف قسم کی بنیادی تعلیم و تربیت دی جائے گی٬ ڈاکٹر ارشد وہرہ

بدھ 2 نومبر 2016 20:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی حلقوں کی سطح پر بچوں کے تحفظ کے لئے مختلف قسم کی بنیادی تعلیم و تربیت دی جائے گی٬ کراچی کی موجودہ قیادت بچوں کے تحفظ کے لئے عالمی سطح پر بنائے گئے قوانین اور آئین پاکستان کے تحت بنائے گئے قوانین کو عملی جامہ پہنائے گی ٬ یہ بات انہوں نے ہیومن رائٹس فائونڈیشن کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی٬ ہیومن رائٹس فائونڈیشن کے صدر رانا آصف حبیب ٬جنرل سیکریٹری سید سلمان مختار کے علاوہ ممبر سٹی کونسل تحسین عابدی بھی اس موقع پر موجود تھیںانہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے بنیادی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے٬ کراچی میں بچوں کو صحت٬ تعلیم و تربیت٬ عدم تشدد٬ معاشی ناہمواری٬ گھریلو ناچاقی کو دور کرنے کی ضرورت ہے٬ اس موقع پر ڈپٹی میئر کو بتایا گیا کہ تقریباً 5 لاکھ بچے کراچی کی سڑکوں پر مختلف نوعیت کام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں٬ کراچی کی دو کروڑ آبادی میں 40 فیصد بچے ہیں جو کہ ایک نمایاں آبادی رکھتے ہیں انہیں ہر قسم کے تحفظ کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

بچوں کو تحفظ مہیا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور آئین کے تحت پانچ سال سے 16 سال تک کے کم عمر بچوں سے جبری مشقت ممنوع ہے بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جرائم ٬ عدم تحفظ٬ بے راہ روی٬معاشرتی ناہمواری اور اس جیسے دیگر مسائل کا سامنا ہے جس کے اثرات ناپختہ ٬ کم عمر بچوں پر لازماً پڑتے ہیں اور جس کے نتائج والدین اور معاشرے کو برداشت کرنے پڑتے ہیں جبکہ تعلیم و تربیت کی بھی کمی نے معاشرے میں منفی رجحانات کو فروغ دیا ہے انہوںنے کہا کہ غیر سرکاری سطح پر کام کرنے والے فلاحی ادارے بچوں کے تحفظ کے سلسلے میں مثبت کام تو کر رہے ہیں لیکن انہیں ایک مکمل نیٹ ورک میں شامل کرنے کی ضرورت ہے ٬ انہوں نے کہا کہ حکومتی اور نجی سطح پر کام کرنے والے ادارے بچوں کے تحفظ کی ٹریننگ پر عمل کریں تو اغوا اور گمشدگی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آجائے گی۔

ہیومن رائٹس فائونڈیشن کے صدر رانا آصف حبیب نے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی کو چائلڈ فرینڈلی بنانا چاہتے ہیں