وسائل عوام کی فلاح و بہبودکے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں٬ پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے٬ ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار میں اپنی مثال آپ ہیں٬ منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے٬پاکستان کی قسمت بدل رہی ہے٬ توانائی کا بحران جلد حل ہوگااورملک سے اندھیرے ختم ہوں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات میں گفتگو جنوبی پنجاب کی ترقی پر ریکارڈ فنڈزخرچ کئے جارہے ہیں ٬ملتان میٹرو بس جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تحفہ ہے٬گورنر

بدھ 2 نومبر 2016 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے مابین بدھ کو یہاں ملاقات ہوئی جس میں صوبے میں عوام کے فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں اور پسماندہ و دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت اور منصوبوں کا اعلیٰ معیار پنجاب حکومت کا طرئہ امتیاز ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک شاندار مثال قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے اور اسی مقصد کیلئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ملک بھر میں توانائی سمیت دیگرعوامی فلاح کے منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ 18 ماہ میں پاکستان کی قسمت بدلنے جا رہی ہے٬ توانائی کا سنگین بحران حل ہوگا٬ ملک سے اندھیرے ختم ہوں گے اور ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے اور ہم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچیں۔

گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جو جال بچھایا جا رہا ہے٬ ان کی تکمیل سے صوبے میں ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں جو کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ان علاقوں میں بسنے والے عوام سے گہری محبت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو بس سروس اور دیگر ترقیاتی منصوبے جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کے منصوبے کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولتیں میسر آئیں گی اور ان علاقوں میں بھی ایک نیا کلچر متعارف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے لگن اور جذبے سے کام کرنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔