ٹیلی میڈیسن کے ذر یعے صحت کی جدید سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانا چاہتے ہیں٬ ڈاکٹر سکندر شورو

بدھ 2 نومبر 2016 20:31

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا ہے کہ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے موجودہ حکومت صحت کی جدید سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانا چاہتی ہے۔ یہ بات انہوں نے ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ شروع کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا کہ حکومت اس منصوبے کو ایک ماہ کے اندر فعال کرنا چاہتی ہے٬ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب مل کر اس منصوبے کو جلد شروع کرنے کے لئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں تاکہ مٹھی اور دیگر دور دراز علاقوں کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنا ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال مٹھی اور جناح ہسپتال کراچی کو ٹیلی میڈیسن کے ذریعے منسلک کرنا چاہتے ہیں تا کہ غریب عوام کراچی یا حیدرآباد جانے کے بجائے اپنے ہی علاقے میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سے معائنہ کرواسکیں جس سے ان کے وقت اور پیسوں کی بھی بچت ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت جن مریضوں کا معائنہ کیا جائے ان کے بارے میں مکمل معلومات ان کے متعلقہ ڈاکٹرز کے پاس بھی محفوظ ہو تاکہ آئندہ کے لئے ان سے مدد لی جا سکے۔

قبل ازیں سی ای او ڈیجیٹل کئیر ڈاکٹر ذکی الدین نے اپنی کمپنی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ ہیلتھ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ملاپ سے کس طرح مریضوں کو فوائد حاصل ہو رہے ہیں٬ ان کے مطابق تقریباً 500 ملین لوگ ٹیلی میڈیسن اور اس سے متعلق دیگر ایپلی کیشن استعمال کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم پی ایز ڈاکٹر مہیش ملانی اور دوست محمد راہیموں٬ سیکریٹری آئی ٹی٬ ڈائریکٹر آئی ٹی یوسف شیخ٬ ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹر انیس بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :