سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو سزا ملنے پر یوم تشکر منائیں گے ‘خرم نواز گنڈا پور

کلبھوشن کی گرفتاری کا معاملہ آج کے دن تک کسی عالمی فورم پر نہیں اٹھایا گیا سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

بدھ 2 نومبر 2016 20:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو سزا ملنے پر پر یوم تشکر منائے گی٬جب تک قاتل پکڑے نہیں جاتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی٬اب قصاص تحریک کا دوسرا رائونڈ ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ سیاسی فیصلوں کے اثرات یا ثمرات آئندہ چند روز میں ظاہر ہو جائینگے٬امید کرتے ہیں پانامہ لیکس کے مجرم انجام کو پہنچیں گے اور ملکی خزانہ لوٹنے والے عبرتناک انجام سے دوچار ہو نگے ۔

خرم نواز گنڈا پور نے بھارتی سفارتی اہلکاروں کے روپ میں ایک اور جاسوسی کے نیٹ ورک پکڑے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جاسوس تو پکڑے جاتے ہیں مگر ان کے خلاف کارروائی ہوتی نظر نہیں آتی۔

(جاری ہے)

قوم جاننا چاہتی ہے کلبھوشن کا معاملہ اب تک کس عالمی فورم پر اٹھایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم پوری دنیا میں بلا جواز پاکستان کو بد نام کر رہے ہیں’’ دہشتگرد ملک‘‘ ہونے کا الزام لگا رہے ہیں مگر پاکستانی وزیر اعظم بھارتی جاسوسوں کا نیٹ ورک پکڑے جانے پر مذمت کا ایک بیان بھی دینے پر بھی تیار نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سفارت کاروں کی آڑ میں جاسوسی نیٹ ورک چلانے والے جاسوسوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے ۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارتی جاسوسوں کی آمد و رفت کے مرکز کے بارے میں ڈاکٹر طاہر القادری نے جو انکشافات کئے تھے اس پر اداروں نے آج کے دن کوئی کارروائی نہیں کی انہوں نے کہاکہ سرل لیکس بھی انٹرنیشنل جاسوسی کے نیٹ ورک کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلائی گئیں۔