پنجاب حکومت ای٬روزگار پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو مفت تربیت فراہم کرے گی‘ڈاکٹر عمر سیف

جون2017ء تک10ہزار افراد کو کمپیوٹر پروگراموں کی تربیت دی جائے گی‘ ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں تقریب سے خطاب

بدھ 2 نومبر 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاکھوں نوجوان مردوخواتین کے لئے ای٬روزگار پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت صوبہ کے تمام36اضلاع میں تربیتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں انٹرنیٹ اور مفید کمپیوٹر پروگراموں کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات ارفع ٹاور میں پی آئی ٹی بی کے پروگرام ’’ہر سیلف‘‘ اور فیس بک کی شراکت سے شروع کیے گئے منصوبے ’’SheMeansBusniess #کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر فیس بُک کی عہدیدار مس جینفر فونگ اور مسز کلیئر ڈیوے سمیت ٹیڈیکس بارسلونا کی سربراہ مس آریلے سالویئر٬ پی آئی ٹی بی کے افسران اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ای۔روزگار سکیم کے تحت آئندہ سال جون تک 10ہزار افراد کو ہنر مند بنایا جائے گا جبکہ ہر سال مزید نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کے لئے فیس بُک کے ساتھ جو منصوبہ شروع کیا گیا ہے اس کے تحت گھر بیٹھے سمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت فراہم کی جائے گی اور وہ بھی ہنر سیکھ کرجہاں اپنے خاندان کی باعزت کفالت کر سکیں گی وہیں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار اد اکریں گی۔

انہوں نے فیس بُک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس شراکت سے ہماری خواتین کو سوشل میڈیا اور کاروباری جہتوں کے حوالے سے نئی نئی چیزیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پلان9٬ پلانXاور ٹیک ہب کنیکٹ پروگرام بھی انٹرپریونرشپ کے فروغ کے لئے کام کر رہا ہے لیکن ’’ہر سیلف‘‘ اس لحاظ سے منفرد پروگرام ہے کہ یہ صرف خواتین کے لئے شروع کیا گیا ہے۔

اس موقع پر فیس بک کی سربراہ برائے سٹریٹجک پراڈکٹ پارٹنر شپ مس جینفر فونگ نے پی آئی ٹی بی کے انٹرپریونرشپ پروگراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس طرز کے آئی ٹی منصوبے انتہائی اہمیت اور انفرادیت کے حامل ہیں جن سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس بُک دنیا بھر میں خواتین کو مستحکم بنانے کے لئے کام کر رہا ہے جس کے لئے بالخصوص ترقی پذیر ممالک کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’شی مینز بزنس‘‘ پروگرام کے تحت پاکستانی خواتین کو سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کی ہر قسم کی متعلقہ تربیت فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :