حکمرانوں کا ظلم و تشدد کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہد کو متزلزل نہیں کر سکتا٬پرویزخٹک

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے٬ چوروں کی تلاشی لینے کے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں٬تلاشی ضرور ہوگی چوری چھپانے کیلئے ٹی او آرز میں روڑے اٹکائے٬ تاخیری حربے استعمال کئے جارہے تھے ٬ ہمارا مقصد نواز شریف کا استعفیٰ یا تلاشی تھا٬وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 2 نومبر 2016 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا ظلم و تشدد کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہد کو متزلزل نہیں کر سکتا ۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ چوروں کی تلاشی لینے کے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اُمید ہے کہ تلاشی کا عمل صاف ستھرا اور شفاف ہو گا۔ یوم تشکر کے سلسلے میں جلسے کیلئے اسلام آبا د روانگی سے پہلے صوابی موٹروے پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا شروع سے موقف تھا کہ چوری کی تحقیقات کیلئے ایک آزاد اور با اختیار کمیشن بنے ۔

حکمران پارٹی تلاشی کیلئے کسی صورت تیار نہ تھی ۔ وہ چوری چھپانے کیلئے ٹی او آرز میں روڑے اٹکارہے تھے اور تاخیری حربے استعمال کر رہے تھے جس کے خلاف تحریک انصاف نے سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ہمارا مقصد یہی تھا کہ نواز شریف استعفیٰ دے یا تلاشی دے چونکہ اب عدالت عظمیٰ نے تلاشی کا فیصلہ کر لیا ہے جو ہمارے موقف کی تائید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف نے تلاشی کیلئے اپنے احتجاج کو موخر کیا ہے۔

صوابی انٹرچینج پہنچنے پر وزیراعلیٰ کا پر تپاک استقبال کیا گیا ۔ سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر٬ صوبائی وزراء محمد عاطف خان٬ شہرام ترکئی٬میاں جمشید الدین کاکا خیل٬ مشیر برائے وزیراعلیٰ اکبر ایوب ٬مشتاق احمد غنی٬ ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ٬ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک٬ نہار خان تحریک کے دیگر قائدین اور ضلع و تحصیل کے ممبران اور کارکنوں کی کثیر تعدا د موجود تھی ۔

وزیراعلیٰ نے برہان انٹرچینج سے ریلی کی واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور انہوںنے کوئی یوٹرن نہیں لیا۔ پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا انتظار کیا۔ حکمرانوں نے پرامن کارکنوں کو کچلنے کا ٹھوس پروگرام بنا لیا تھا اور اس مقصد کیلئے سرکاری وسائل استعمال کر رہے تھے۔ ہم نے کارکنوں کو جانی نقصان سے بچانے کیلئے تصادم سے بچنے کا فیصلہ کیا ۔

ہم پرامن ہیں اور پرامن طریقے سے اپنے احتجاج کے حق پر یقین رکھتے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت نے ریلی پر تشدد اور وحشیانہ شیلنگ کی حد کر دی تھی ۔الله تعالیٰ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دو کارکنوں کی شہادت کی خبر درست نہیں ہے ہمارا کوئی کارکن شہید نہیں ہوا تاہم کارکن بے تحاشا زخمی اور بے ہوش ہوئے ہیں ۔ ہم بہادر کارکنوں کے جذبے کو داد دیتے ہیں یہ ہمارے ہیرو اورغازی ہیں ۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عام کارکن ظالم اور جابر حکمرانوں کے خلا ف کھڑے ہوئے ہیں۔عام کارکن چوروں کی تلاشی چاہتے ہیں۔ یہ کسی حقیقی جمہوریت میں ہو سکتا ہے مگر پاکستان میں یہ نئی تاریخ ہے جو تحریک انصاف کے بہادر کارکنوں نے رقم کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بد عنوان حکمرانوں کو کیفرکردار تک پہچانے کا ہمارا عزم برقرار رہے گا اور اسے انجام تک پہنچانا ہمارا مشن ہے ۔

یہ نیا پاکستان ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے ملک پر کرپٹ اور بد عنوان حکمران آتے ہیں اور قومی خزانے کواپنی جاگیر سمجھ کر کھا جاتے ہیں اور عوام پر مسائل کے انبار ڈالتے ہیں۔ یہ حکمران ہمارے ملک کیلئے ناسورہیں جو چوری کے ذریعے ملک کی دولت کو باہر لے جاتے ہیں اور اپنی ذاتی تجوریاں بھرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ملک کے حقیقی دشمن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن اور بد عنوان سیاستدانوں کے خلاف پاکستان تحریک انصاف یہ جنگ منطقی انجام تک پہنچائے گی اورقوم کو ان ظالم اور چور سیاستدانوں کے چنگل سے آزاد کرائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پرامن ریلی پر ہونے والی بربریت یاد رکھیں گے ۔ اس کے باوجود ہمارے کارکن کھڑے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب نیا پاکستان بننے جارہا ہے۔اس سے قبل نوشہرہ مردان اور دیگر اضلاع کے جلوس صوابی پہنچے جن کی قیادت صوبائی وزرا میاں جمشید الدین کاکاخیل ٬ عاطف خان ٬ میاں خلیق الرحمن ٬ ادریس خٹک اور رضا للہ خان اور زرعالم نے کی۔

بعدازاں وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی قیادت میں ہزاروں گاڑیوں کاجلوس پی ٹی ائی کے چیرمین عمران خان کے یوم تشکر کے جلسے عام میں شرکت کے لیے صوابی انٹر چینج سے روانہ ہوا۔