Live Updates

عمران خان کو یوٹرن لیتے ہوئے شرمنگی بھی نہیں ہوتی ٬ْ مسلم لیگ (ن)

عام انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے ٬ْ بیرسٹر ظفر اللہ ٬ْ انوشہ رحمن کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 نومبر 2016 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما بیرسٹر ظفر اللہ اور انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو یوٹرن لیتے ہوئے شرمنگی بھی نہیں ہوتی ۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ظفر الله خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے ہم نے موقف اختیار کیا کہ پانامہ پیپرز کا معاملہ چونکہ اب سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے٬ اس لئے اگر اس کی یہاں پر سماعت جاری رکھنی ہے یا سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا ہے٬ دونوں صورتوں میں ہمیں قبول ہے جس کا حساب صاف ہو٬ اس کو کوئی خوف نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی ہوگا ملک و قوم کے لئے ہی ہوگا تاہم ہمیں ایک پریشانی سمجھ میں نہیں آتی کہ عمران خان کبھی رائیونڈ میں احتجاج کرتے ہیں تو کبھی لاہور ہائی کورٹ چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

کبھی اسلام آباد لاک ڈائون کرنے کی بات کرتے ہیں تو کبھی سپریم کورٹ چلے جاتے ہیں ٬ْ عمران خان مہذب طریقے سے اداروں پر اعتماد کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے۔

انوشہ رحمان نے کہا کہ عمران خان جس قدر جھوٹ بولتے ہیں اس پر حیرت ہوتی ہے٬ کورٹ کے سامنے ان کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ مریم صفدر کے خلاف ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ وہ بتائیں کہ ان کے پاس ثبوت کہاں ہے٬ انہیں یو ٹرن لیتے ہوئے شرمندگی تک نہیں ہوتی۔ وہ قوم کے ساتھ جھوٹ بولنے کے ماہر بن گئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :