جامعہ سندھ جام شورو کے بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے امن واک کا اہتمام

بدھ 2 نومبر 2016 20:13

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) جامعہ سندھ جام شورو کے بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے امن واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی سربراہی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑواور ڈپٹی کمشنر جام شورو منور علی مہیسر نے کی۔ جبکہ واک میں ایس ایس پی کیپٹن طارق ولایت اور ڈی ایس آر فاروق احمد٬ فیکلٹیز کے ڈین صاحبان٬ سینڈیکیٹ ممبران٬ اساتذہ٬ طلباء اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

امن واک علامہ آئی آئی قاضی کے مزار سے زیرو پوائنٹ تک کی گئی۔ واک کی ابتداء میں علامہ آئی آئی قاضی٬ ایلسا قاضی٬ ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ اور سابقہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابدہ طاہرانی کی مزاروں پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ واک سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ انسان ہمیشہ سے امن کا خواہشمند رہا ہے٬ لیکن بدقسمتی سے انسان آج تک مکمل امن حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے٬ کیونکہ دنیا میں ہروقت کہیں نہ کہیں جنگیں٬ اختلافات اور نفرتیں امن کی دشمن رہی ہیں۔

(جاری ہے)

امن صرف روایتی جنگ کی عدم موجودگی کا نام نہیں ہے٬ بلکہ ایسا ماحول چاہے وہ گھر یلو ہو یا دفتر کا٬ اس میں کوئی نہ کوئی تنازعہ موجود ہو تو وہ بھی امن کا دشمن ہے۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے نفرتوں٬ اختلافات اور تنازعات کے خاتمے کے لیے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہر شخص دوسرے شخص کو صحیح معنی میں اور غیر جانبدار ہو کر سننے٬ سمجھنے اور پھر فیصلہ کرنے کی سوچ اپنائے تو کافی حد تک دنیا میں موجود نفرتوں اور تنازعات کا پرامن حل نکالا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی شخصیت میں اپنے علاوہ دوسرے لوگوں کے نقطہ نظر کو قبول کرنے٬ اختلاف رائے کو اپنی رائے کی نفی نہ سمجھنے اور اپنی بات کو دوسروں پر زبردستی نہ تھوپنے جیسیں صفات پیدا کرنے سے بھی امن کے قیام کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ وہ اس موقع پر اساتذہ٬ افسران٬ ملازمین و طلباء کی بڑی تعداد میں موجودگی و شرکت کو دیکھ کر بہت خوش اور مطمئن ہوئے ہیں اور اس بات پر ان کا یقین مزید پختہ ہو گیا ہے کہ جامعہ سندھ انشاء اللہ اپنے مثالی امن کی وجہ سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر امن کے گہوارے کی طور پر جانی پہچانی جائے گی۔

ڈاکٹر کلہوڑو نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ جامعہ سندھ میں پہلے کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہو گئی ہے٬ جس کی وجہ سے اساتذہ٬ افسران٬ ملازمین و طلباء یکسوئی سے اپنی سونپی گئی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر وفاقی و صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر کلہوڑو نے بیورو آف اسٹیگس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فدا حسین چانڈیو اور ان کی ٹیم کی واک کے سلسلے میں کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے واک کے کامیاب انعقاد پر ان کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منور علی مہیسر نے جامعہ سندھ میں امن و امان برقرار رکھنے پر سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ ہمارا قومی ادارا ہے اور اس میں امن و امان قائم رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا جامعہ سندھ میں زیر تعلیم غریب طلباء کو پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی جام شورو کیپٹن طارق ولایت اور بیورو آف اسٹیگس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فدا حسین چانڈیو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ واک کے اختتام پر وائس چانسلر اور دیگر مہمانوں نے امن کی علامت کبوتروں کو آزاد کیا۔ جبکہ معزز مہمانوں کو اجرک اور سندھی ٹوپیاں بھی پہنائی گئیں۔

متعلقہ عنوان :