پسماندہ اور چھوٹے صوبوں کونظرانداز کرنے سے محرومیوں میں اضافہ ہو گا۔سکندر شیرپائو

بدھ 2 نومبر 2016 20:13

پشاور۔02 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء)سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی وسماجی بہبوداور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیا ت خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے سی پیک میں بھرپور حصہ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ پورا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے دلدار گڑھی یونین کونسل مرزاڈھیر ضلع چارسدہ میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا سکندر شیرپائو نے کہا کہ وفاق کے استحکام اور مزید مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ مرکزی حکومت چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کی تقسیم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں ان کو بھرپور حصہ دے۔

انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت خیبر پختونخوا میں بجلی کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ یہاں پر سرمایہ کاروں کو اچھا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پختونوں کی آواز مزید مضبوط و موثرہو گی بلکہ ہمارا صوبہ ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا جس سے پختونوں کی قومی یکجہتی بھی پیدا ہو گی۔انھوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر اور اکنامک زون سمیت تمام لوازمات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پختونوں کی پسماندگی کا ازالہ کرکے ان کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔