کوہاٹ٬مختلف کاروائیوں میں ایک ڈاکو اور گیارہ قمار باز گرفتار

بدھ 2 نومبر 2016 20:11

کوہاٹ۔02 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء)کوہاٹ جنگل خیل پولیس نے مختلف کاروائیوں میں ایک ڈاکو اور گیارہ قمار بازوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دائوں پر لگی رقم برآمد کرلی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل سب انسپکٹر نظر عباس نے گزشتہ شب خفیہ اطلاع پر پولیس نفری کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے عید گاہ روڈ کی شارع عام پر لوگوںکو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے والے ڈاکو ئوں کا گھیرائو کرلیا تو مسلح ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی تاہم جوابی کاروائی میں پولیس نے ایک ڈاکو عثمان منور کو کلاشنکوف سمیت گرفتار کرلیا جبکہ اسکا ایک ساتھی جسکا نام شیر زمان بتایا گیاہے موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جسکی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس نے کلاشنکوف اور درجنوں گولیوں سمیت گرفتار ڈاکو کو فوری طور پر تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جنگل خیل پولیس نے ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ملنگ آباد کے علاقے میں جاری قمار بازی کے اڈے پر اچانک چھاپہ مارا جہاںتاش کے ذریعے جوئے کے کھیل میںمصروف گیارہ قمار بازوں عصمت اللہ٬محمد غنی٬عبداللہ٬شہزاد٬عمر فاروق٬فضل رحمان٬عبید اللہ٬قاسم٬عامر٬منور شاہ اور منہاج الدین ساکنان جنگل خیل کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دائو پر لگی مجموعی طور پر چودہ ہزار روپے اور آلات قمار بازی برآمد کرکے انکے خلاف تھانہ جنگل خیل میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔