تحریک انصاف نے نواز شریف کو کٹہرے کی دہلیز تک پہنچا دیا٬نعیم الحق

پیپلز پارٹی کی قیادت کا ایک حصہ نواز شریف کا احتساب جبکہ ایک حصہ انکی نجات کیلئے کوشاں ہے٬ سیکرٹری اطلاعات کا خورشیدشاہ کے بیان پر ردعمل

بدھ 2 نومبر 2016 19:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں قائد حزب ا ختلاف خورشید شاہ کے بیان پر کا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف کا بیان اپنی خفت چھپانے کی ایک کوشش ہے۔پیپلز پارٹی پریشان ہے کہ تحریک انصاف نے کامیابی سے نواز شریف کو کٹہرے کی دہلیز تک پہنچا دیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا ایک حصہ نواز شریف کا احتساب جبکہ ایک حصہ انکی نجات کیلئے کوشاں ہے ۔

نواز شریف کی نجات کیلئے متحرک گروہ نے معاملے کو طول دیکر وزیراعظم کو بچانے کی کوشش کی۔ پیپلز پارٹی کے چار مطالبات نظریاتی کارکنان اور پیپلز پارٹی کے حقیقی وارثوں کو خاموش کروانے کیلئے گھڑے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بھی کہتی ہے کہ پیپلز پارٹی کے چار نکات پر غور کر رہے ہیں۔ مک مکا سے فیضیاب ہونے والے عناصر آج بھی بند دروازوں اور خفیہ رابطوں میں اپنا مفاد کھوج رہے ہیں۔ یہ قوم نواز شریف کے احتساب کیلئے پیپلز پارٹی کے مجہول فیصلوں کی بالکل محتاج نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چراہ گاہ سمجھ کر اسکے وسائل کو لوٹنے والوں کی مشکیں کسنے کا آغاز ہوچکا٬پیپلز پارٹی سنبھلنے کو تیار نہیں تو آخری رسومات کی باضابطہ تیاری کرے۔