Live Updates

عمران خان نے چوہدری نثار کے سامنے اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دیئے ہیں٬الیاس بلور

بدھ 2 نومبر 2016 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے عمران خان کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ جس طرح جنرل نیازی نے اپنے ایک لاکھ بہادر فوجیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال دیئے تھے اسی طرح عمران خان نے اپنے دوست اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے سامنے اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔

ایک بیان میں ملک کے ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ سیاست قربانی مانگتی ہے اور کپتان اور ان کے حواریوں میں اتنا دم نہیں کہ وہ ملک اور قوم کے لئے قربانی دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ولی خان ہی تھے جنہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور ملک کے مفادات کے خلاف کوئی سودا بازی نہیں کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیازی قوم میں سب پٹھان نہیں ہے اس لئے کپتان اور پرویز خٹک پختونوں کا نام استعمال کرکے اپنی ناکام سیاست کو چمکانے سے باز رہیں ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ پختون اپنے حقوق کو حاصل کرناجانتے ہیں اور ان فصلی بیٹروں کو بھونڈی سیاست چمکانے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین یوٹرن کے ماہر ہیں اور ان کی اپنی پارٹی میں شامل لوگ ان کی مفاد پرست سیاست کی وجہ سے اُنہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست عملی طور پر ختم ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات