پشاور٬جماعت اسلامی عوام کے لیے ا مید کی کرن بن چکی ہے٬مشتاق احمد خان

سیاسی جماعتیں چند ہزار افراد جمع نہیں کر سکتیں ہم نے لاکھوں مرد وخواتین کو جمع کرکے نیا پیغام دیا ہے٬مجلس عاملہ سے خطاب

بدھ 2 نومبر 2016 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء)جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا کامیاب اجتماع عام عوام کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا ہے اور مایوسی کی فضا میں جب دوسری جماعتیں چند ہزار لوگ بھی باہر نہیں نکال سکتیں خیبر پختونخوا کے لاکھوں مرد وخواتین نے جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کرکے زندگی کا نیا پیغام دیا ہے ۔

وہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس کا اجلاس المرکز اسلامی پشاور میں ان کی صدارت میں ہوا۔جلاس میں صوبائی جنر ل سیکرٹری عبدالواسع ٬بحراللہ خان ٬صوبائی نائب امرا مولانااسد اللہ٬ڈاکٹر محمد اقبال خلیل٬نورالحق ٬ عبدالاکبر چترالی ٬ ممبر صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری٬ ڈاکٹر عطاء الرحمان اور دیگرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے صدارتی خطاب میں مشتاق احمد خان نے کہا کہ اجتماع کے اثرات اور ثمرات کو سمیٹنے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔خواتین٬نوجوان اور علماء جماعت اسلامی کی طرف متوجہ ہوئے ہیں ان کی مدد سے اگلے انتخابات میں جماعت اسلامی صوبہ کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔انھوں نے کہا کہ ہم نے موجودہ نظام کو متبادل تیار کر لیا ہے٬عوام کے سامنے اس کی چند جھلکیاں پیش کر دی ہیں۔

اب ان کو مکمل تفصیل دیں گے اور کرپٹ نظام بدل کر رکھیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے دل اور دروازے ہرمحب وطن پاکستانی کے لیے کھلے ہیں۔خوشحال پاکستان اور خوشحال خیبر پختونخوا کے لیے ہم ہر آدمی سے تعاون حاصل کریں گے۔ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ہم روداری اور باہمی احترام کی پالیسی اپنائیں گے اور ہماری تمام تر توجہ عوام کی ترقی اور بہبود پر ہو گی۔

انھوں نے جماعت کے عہدیداروں سے کہا کہ عوام کی نظریں اب جماعت اسلامی پر ہیں۔ہم ان کو مایوس نہیں کریں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ مسلسل رابطہ عوام کے ساتھ اگلے انتخابات کی تیاری کریں گے۔ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہم ظلم اور کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں ہیں جو قوتیں اس جنگ میں ہمارا ساتھ دینے پر آمادہ ہیں ان کا خیر مقدم کریں گے۔انہوںنے کہاکہ کرپشن کے خلاف تحریک جماعت اسلامی نے شروع کی تھی اور ہم ہی اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔کرپٹ حکمرانوںکے احتساب کا مطالبہ صرف جماعت اسلامی کا نہیں پوری قوم کا ہے ۔ہم ملک میں آئین کی حکمرانی اور عدلیہ کی بالا دستی چاہتے ہیں ۔