پی ایس پی کے رہنما انیس قائم خانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی ضمانت پر رہا کردیئے گئے

رؤف صدیقی کا استقبال اہل خانہ اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کیا ٬انیس قائم خانی کو رہائی کے بعد پاکستان ہاؤس لے جایا گیا

بدھ 2 نومبر 2016 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) دہشت گردوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کے الزامات میں ملوث پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی ضمانت پر رہا کردیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے دہشت گردوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کے الزامات پر پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم٬ پاک سرزمین کے انیس قائم خانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کیں تھیں جس پر بدھ کو انیس قائم خانی اور رؤف صدیقی کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کردیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار رؤف صدیقی کو لینے کے لیے سینٹرل جیل پہنچے جہاں سے وہ پی آئی بی کالونی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پہنچے جہاں رؤف صدیقی کا استقبال اہلِ خانہ سمیت دیگر ایم کیو ایم رہنماؤں نے کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال سمیت دیگر رہنما انیس قائم خانی کی رہائی کے بعد انہیں لینے سینٹرل جیل پہنچے جہاں سے انہیں پاکستان ہاس لے جایا گیا۔واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے دہشت گردوں کی معاونت سے متعلق مقدمے میں ڈاکٹر عاصم حسین٬ وسیم اختر٬ انیس قائم خانی٬ رف صدیقی٬ عبدالقادر پٹیل اور عثمان معظم کو گرفتار کیا گیا تھا۔