عمر زاخیل وال کا عالمی شہرت یافتہ افغان خاتون شربت گل کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر مایوسی کا اظہار

یہ کیس پاکستان اور افغانستان کے دو طرفہ تعلقات کیلئے ایک امتحان ہے ٬ْافغان سفیر افغان حکومت شربت گل اور ان کے بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ٬ْ وقار کے ساتھ واپس بھیجا جائے ٬ْ بیان

بدھ 2 نومبر 2016 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے عالمی شہرت یافتہ افغان خاتون شربت گل کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیس پاکستان اور افغانستان کے دو طرفہ تعلقات کیلئے ایک امتحان ہے۔افغان سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ شدید مایوسی کی بات ہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور دیگر حکومتی رہنماؤں کی یقین دہانی کے باوجود شربت گل کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کی تسلیم شدہ اور افغانستان میں سب سے زیادہ چاہی جانے والی شربت گل کی گرفتاری نے پہلے ہی تمام افغانوں کے جذبات کو مجروح کیا اور عدالتی فیصلے سے ان جذبات اور دونوں طرف کے عوام کے دو طرفہ تعلقات کو مزید دھچکا لگا۔

(جاری ہے)

افغان سفیر نے کہاکہ دل اور دماغ کی جیت ہمارا سب سے اہم مقصد ہے۔ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت واقعی شربت گل کو رہا کرنا چاہتی ہے٬ جیسا کہ وزیر داخلہ نثار علی خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا تو افغان خاتون کو کسی عدالت میں حاضری یا فیصلے کی ضرورت نہیں ۔

افغان سفیر کے مطابق شربت گل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) کے لگائے گئے الزامات کی بناء پر جیل میں ہیں اور یہ وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے کہ وہ ان الزامات کو ختم کرکے انھیں رہا کرے اور یہ وہ کام ہوگا٬ جسے واقعی کیا جانا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ یہ الزامات کہ شربت گل نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیا یا دھوکہ دہی کی٬ سراسر بے بنیاد ہیں کیونکہ نادرا نے انھیں اور ان کے شوہر کو معمول کی کارروائی کے مطابق شناختی کارڈ جاری کیا تھا۔

ڈاکٹر عمر زاخیل وال کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ہونے کے علاوہ شربت گل ایک غریب بیوہ اور اپنے 4 بچوں پر مشتمل خاندان کی واحد کفیل ہے جسے ہیپاٹائٹس کا مرض لاحق ہے ٬ْ ان کے شوہر اور بیٹی کا انتقال بھی اسی مرض کے ہاتھوں ہوا۔انھوں نے کہا کہ اس اسٹیج پر میں وزیراعظم نواز شریف سے کہتا ہوں کہ وہ براہ راست اس معاملے میں مداخلت کریں اور شربت گل کی رہائی کے احکامات جاری کریں۔

انہوںنے کہاکہ افغان حکومت شربت گل اور ان کے بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور انھیں عزت و وقار کے ساتھ واپس افغانستان بھجوا کر وہاں سیٹل کیا جائے گا۔ڈاکٹر زاخیل وال نے کہاکہ گرفتاری سے قبل شربت گل نے اپنی گھر کی اشیاء فروخت کردی تھیں اور وہ اپنے خاندان کے ہمراہ واپس افغانستان جارہی تھیں۔

متعلقہ عنوان :