عوامی رکشہ یونین کی مرکزی ٬ صوبائی اور ضلعی اور مقامی باڈیز کو تحلیل کر کے الیکشن کروانے کا اعلان

بدھ 2 نومبر 2016 17:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) عوامی رکشہ یونین کے سرپرست اعلیٰ نے مرکزی ٬ صوبائی اور ضلعی اور مقامی باڈیز کو تحلیل کر کے الیکشن کروانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عوامی رکشہ یونین کی سپریم کونسل کا اجلاس ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا جس کی صدارت سرپرست اعلیٰ نوید کریم چودھری نے کی ۔اجلا س میں عوامی رکشہ یونین کی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سپریم کونسل کے ممبران مجید غوری٬ حافظ مظہر جیلانی٬حاجی رفاقت٬ حافظ نعمان رشید اور ذیشان اکمل نے شرکت کی۔اس موقع پر عوامی رکشہ یونین کے الیکشن مرحلہ وار کروانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ عوامی رکشہ یونین کے سرپرست اعلیٰ نوید کریم چودھری نے شیڈول کی تفصیلات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی عہدوں کیلئے الیکشن 20نومبر کو مرکزی دفتر فیصل ٹائون میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ 13نومبر ہوگی جس کے فارم 6 نومبر سے 10نومبر تک فیصل ٹائون آفس سے بلا معاوضہ حاصل کئے جا سکیںگے۔الیکشن کمشن کے ممبر ان میں میاں مصطفیٰ رشید٬حافظ شفیق٬حافظ خالد ولید شامل ہیں جبکہ تنظیم کی چیئرمین شپ کے فرائض ذیشان اکمل انجام دیںگے۔سرپرست اعلیٰ نوید کریم چودھری کا کہنا تھا کہ عوامی رکشہ یونین پاکستان ہر دوسال بعد اسی لئے الیکشن کرواتی ہے۔ تاکہ عوامی رکشہ یونین کا ہر کارکن جس سیٹ پر چاہے الیکشن لڑ کرعہدہ حاصل کر لے اور اپنے رکشہ ڈرائیور بھائیوںکی خلوص نیت سے خدمت کر ے۔

متعلقہ عنوان :