ڈپٹی کمشنر کاشف علی کا چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات کا اچانک دورہ٬مریضوں سے مسائل معلوم کیے

بدھ 2 نومبر 2016 17:51

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) لاڑکانہ میں تعینات نئے ڈپٹی کمشنر کاشف علی نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات کا اچانک دورہ کیا جہاں پر انہوں نے داخل مریضوں سے ملنے والی سہولیات کے متعلق معلومات لی جبکہ صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہونے پر انہوں نے اسپتال انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسپتالوں کے اندر صفائی کے نظام کو بہتر کرکے مریضوں کو ادویات فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف علی نے کہا کہ لاڑکانہ کے اسپتالوں میں 200 ڈاکٹرز کی کمی ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے 6 سے 7 ہزار نئے ڈاکٹرز کو بھرتی کیا جارہا ہے جس سے لاڑکانہ میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں بیسک ہیلتھ یونٹس ہیں لیکن اس کے باوجود وہاں کے لوگ شہر کے اسپتالوں کو ترجیح دیتے ہیں اور اس وجہ سے شہر کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ تعلیم و صحت پر خاص توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں ہمیں ہدایات ہیں کہ تعلیم سمیت صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری بہتر ہے اگر کسی ڈاکٹر یا عملے نے غفلت کا مظاہرہ کیا تو اس کے خلاف کاروائی ہوگی۔