پاکستان میں گزشتہ سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے٬ محکمہ زراعت

بدھ 2 نومبر 2016 17:49

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان میں گزشتہ سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے اور حکومت پنجاب کے گندم کے پیداواری مقابلہ میں ہمارے ترقی پسند کاشتکاروں نے گندم کی98من فی ایکڑ سے زائد پیداوارحاصل کرکے نیا ملکی ریکارڈ قائم کیا تھا ۔موجودہ سال2016-17 میں گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے فصل کی کاشت 15نومبر تک مکمل کی جائے۔

گندم کی منظورشدہ اقسام این اے آر سی 2009٬ بارس2009 ٬دھرابی2011٬پاکستان 2013 اوراحسان 2016کی کاشت کو ترجیح دی جائے کیونکہ یہ اقسام زیادہ شگوفے بناتی ہیں اوررسٹ بیماری کے خلاف قوت مدافعت رکھی ہیں۔ گندم کی 15نومبر تک کاشت کی صورت میں 85%سے زیادہ اگائو رکھنے والے بیج کی فی ایکڑ مقدار 50کلو گرام استعمال کی جائے۔

(جاری ہے)

ترقی دادہ اقسام کا بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈپوئوں اور ڈیلروں سے وافر مقدار میں دستیاب ہے۔

محکمہ زراعت پنجاب نے مرکز لیول پرسیڈ گریڈر کی مفت سہولت مہیا کی ہے٬کاشتکارحکومت کی مہیا کردہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور صرف تصدیق شدہ بیماریوں سے پاک بیج ہی استعمال کریں۔پرائیویٹ سیڈ ایجنسیز کی طرف سے بھی بیج سپلائی کیا جارہاہے۔محکمہ زراعت کی طرف سے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت سے برداشت تک کے تمام مراحل پر فنی رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ پنجاب بھر میں گائوں کی سطح پر کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہی دینے کے لیے فارمرز ٹریننگ پروگرام بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :