محکمہ جنگلات کے اندر زیر کار لاکھوں کیسز 4سال کے اندر مکمل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے٬سردار میر اکبر

فاریسٹ مجسٹریٹ اور دیگر متعلقہ افسران سے ماہانہ پراگریس رپورٹ طلب کی گئی ہے ٬ ہر سال ایک لاکھ کیس یکسو کرینگے ٬وزیر جنگلات و فشریز

بدھ 2 نومبر 2016 16:53

&مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وزیر جنگلات و فشریز سردار میر اکبر نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کے اندر زیر کار لاکھوں کیسز 4سال کے اندر مکمل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘فاریسٹ مجسٹریٹ اور دیگر متعلقہ افسران سے ماہانہ پراگریس رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ ہر سال ایک لاکھ کیس یکسو کرینگے ۔ جنگلات کے رقبہ سے ناجائز قبضہ ختم کروانے کیلئے بھی ماہانہ بنیادوں پر تمام ڈی ایف اوز سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ناجائز قبضے ختم کروانے کیلئے ابتدا اپنے حلقہ اور گھر سے کی ہے ۔

12مکانات اپنی نگرانی میں گرائے ہیں محکمہ کے اندر اصلاحات لارہے ہیں‘ وائرلیس کا نظام فعال کردیا گیا ہے ‘ تباہ حال اور بگڑے نظام کو ٹھیک کرنے کا عہد کیا ہے ۔ اپنے دوروں اور کھانے پینے کے اخراجات خود برداشت کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

وزیر جنگلات کے دورہ کی آڑ میں کسی کو چند جمع کرنے کی اجازت نہیں ۔ دسمبر تک ایک لاکھ مکعب فٹ لکڑی یوٹی ڈویژن میں مہیا کرینگے ۔

محکمہ جنگلات میں بدوں استحقاق ترقیاں و تعیناتیاں ختم ‘ گزشتہ دور میں کی گئی غیر قانونی تمام تقرریاں بھی ختم کرینگے ۔جڑی بوٹی اسمگلنگ سمیت تقرریوں کی تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔ محکمہ جنگلات کے اندر گرینڈ آپریشن کرونگاجب تک وزیر ہوں میرٹ اور قانون کے مطابق کام کرونگا۔ عوام نے اعتماد کرکے اسمبلی میں بھیجا ہے ۔ پہلے بھی وزیر رہ چکا ہوں ۔

قومی املاک کا تحفظ کرنا میرا فرض ہے۔ اپنے آفس چیمبر میں صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کے دوران سردار میر اکبر نے کہا ہے کہ جڑی بوٹی اسمگلنگ سمیت تمام زیر کار کیسز کی رپورٹ 15دن کے اندر طلب کی ہے ۔ محکمہ سے کہا ہے کہ جڑی بوٹی کی نکاسی اور اسمگلنگ کے حوالے سے مکمل رپورٹ دیں اور بتائیں کہ اب تک کیا پراگریس ہوئی ہے ۔ ڈی ایف اوز کو حکم دیا ہے کہ وہ ناجائز قبضے ختم کروائیں ۔

جنگل کے رقبہ پر کوئی عدالت حکم امتناعی جاری نہیں کرسکتی۔ محکمہ جنگلات سے ڈاکوئوں ٬ چوروں ٬ بدمعاشوں اور اسمگلروں کو ختم کرکے دم لوں گا۔ اچھی طرح علم ہے کہ محکمہ کی ملی بھگت کے بغیر ایک ٹہنی کٹ سکتی ہے نہ ایک انچ جنگل کی زمین پر کوئی قبضہ کرسکتا ہے ۔ اوپر سے نیچے تک اصلاح و احوال کرونگا۔ مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔

محکمہ جنگلات کا وائرلیس نظام 10سال کے بعد فعال کیا ہے 10سال کسی نے اس طرف توجہ ہی نہیں دی۔ محکمہ جنگلات میں تعلیم یافتہ لوگ زیادہ ہیں سب سے زیادہ آفیسر ہر ضلع میں محکمہ جنگلات کے ہیںدیگر محکموں کا ایک ایک آفیسر ضلع میں ہے جبکہ جنگلات کے چار چار آفیسر ہیں ۔ سب افسروں سے ماہانہ کارکردگی پر مشتمل پراگریس رپورٹ مانگی ہے اور واضح کیا ہے کہ ڈی ایف او ہر ماہ جنگلات کے رقبوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی کی تفصیل بتائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات میں گزشتہ عرصہ میں لاقانونیت کی انتہا کی گئی۔ ’’مافیاز‘‘ نے اس محکمہ پر عملاً اپنا قبضہ قائم کررکھا تھا میں نے سب کو کام پر لگایا ہے ۔ اس وقت محکمہ جنگلات کے لاکھوں کیسزبسلسلہ بے دخلی و کٹائی درختاں زیر کار ہیں ۔ حیران کن بات یہ ہے کہ دادا کے خلاف کیس بنا اب پوتا بھگت رہا ہے پیروی نہیں کی جارہی ۔ محکمہ بھی معاملات لٹکائے بیٹھا ہے ۔

4سال کے اندر تمام زیر کار امثلات یکسو کرنے کا پلان ہے ۔ ہر سال ایک لاکھ کیس یکسو کئے جائیں گے ۔ جنگلات قومی دولت اور ورثہ ہیں جن کی حفاظت فرض ہے اور یہ فرض فرض سمجھ کر ادا کرونگا۔ وزارت پہلے بھی تھی اب بھی ہے مگر اپنا کام خالصتاً میرٹ اور انصاف کے مطابق کرنے کا عہد کیا ہے ۔ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ڈی ایف اوز کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ۔

جنگل کے رقبہ پر بے دخلی کے خلاف کوئی عدالت حکم امتناعی نہیں دے سکتی۔ یہاں نظام میں الٹ ہے محکمہ جنگلات میں 108ملازمین نے مرضی کی پوسٹنگ کیلئے عدالتوں سے حکم امتناعی لے رکھے ہیں ۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ لوگوں کی مقامی ضرورت کیلئے لکڑی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں اور دسمبر تک ایک لاکھ مکعب فٹ لکڑی یوٹی ڈویژن میں مہیا کرینگے اس وقت 15سے 20ہزار مکعب فٹ لکڑی موجود ہے ۔

تاہم فائرنگ کیوجہ سے ترسیل کا کام متاثر ہوا ہے ۔ اب امن بحال ہونے کے بعد اس سلسلہ میں کام تیز ہوگا۔ نیلم کے ایریا سے محکمہ جنگلات کے حوالے سے تمام شکایات کی روشنی میں ایک کمیٹی بنائی تھی جس کی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ اس طرح پورے آزاد کشمیر میں گزشتہ دور میں کی گئی تقرریوں کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے ۔ قیمتی جڑی بوٹیوں کی اسمگلنگ ٬ نکاسی اور ان کی افزائش کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کررکھی ہے ۔

میری نیت اصلاح واحوال کی ہے جس طرف گیا ہوں محکمہ جنگلات کا حشر نشر دیکھا ہے ۔ ماضی میں جنگل کا محکمہ ٹھیکے پر رہا ہے ملازمین اور ’’مافیاز‘‘ کو میرے ارادوں اور طرز عمل کی تکلیف ہے مگر میں کوئی رعایت اور سمجھوتہ نہیں کرونگا۔ ناجائز قبضوں کا خاتمہ اپنے علاقہ سے کیا ہے اپنے لوگوں کو بتادیا ہے کہ جنگل اور جنگلی حیات کا تحفظ میرا فرض ہے شکار کے مرغے کھاتا ہوں نہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کی دعوت پر جاتا ہوں ۔

اپنے خرچ پر دورے کررہا ہوں۔ بتا دیا ہے کہ کوئی میری آمد کے نام پر کسی ملازم سے چندہ نہ لے ۔ ملی بھگت کے ذریعہ جنگلات کی کٹائی ٬ اسمگلنگ کا اچھی طرح علم ہے راتوں رات کچھ نہیں بدل سکتاالبتہ تہیہ کیا ہے کہ محکمہ جنگلات کا قبلہ درست کرکے قومی دولت کی حفاظت کرونگا۔ جنگلات کے تحفظ اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے تحفظ جنگل کمیٹیاں فعال کرینگے ۔

کمیونٹی کو ساتھ لیکر چلیں گے عوام کے تعاون کے بغیر بہتری نہیں آسکتی۔ سردار میر اکبر نے کہا کہ فشریز کیس کی تحقیقات ہورہی ہیں نئے ٹھیکے پر عدالت نے حکم امتناعی دیا ہے جس سے محکمہ فشریز کو کروڑوں کا نقصان ہوگا کیونکہ بریڈنگ کا سیزن ختم ہوگیا ہے یہ کام دوماہ پہلے ہونا تھا۔ منگلا ڈیم سے مچھلی کے شکار پر پابندی ہے کسی کو ملی بھگت سے مچھلی پکڑنے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں محکمہ جنگلات کے تمام افسران کا غیر معمولی اجلاس بلا رہا ہوں جس میں مستقبل کیلئے پالیسی دونگا۔

متعلقہ عنوان :