راجہ محمد فاروق حیدرخان کا عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا اچانک دورہ٬ڈینگی سے متاثرہ افراد و دیگر مریضوں کی عیادت

بدھ 2 نومبر 2016 16:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا اچانک دورہ٬ڈینگی سے متاثرہ افراد و دیگر مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کیئے جانے والے علاج معالجے اور دیگر سہولیات کے حوالے سے باز پرس کی٬انہوںنے راجہ سعید کے بھائی راجہ عقیل کی بھی عیادت کی ٬اس موقع پر وزیراعظم نے ہسپتال میں عوام کو علاج معالجہ کی فراہمی کے حوالے سے معلومات لیں ٬مریض ان کے ساتھ گھل مل گئے ٬وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے ٬سرکاری ہسپتالوں کو مثالی ادارے بنائیں گے تاکہ یہاں آنے والے تمام مریضوں کی یکساں دیکھ بھال ہو٬ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی اور دلچسپی سے چیک اپ کو یقینی بنایا جائے گا ٬سرکاری ہسپتالوںکے اندر آنے والے ہر مریض کو وی آئی پی تصور کرتے ہوئے علاج معالجہ کی یکساں سہولیات فراہم کی جائیں ٬سرکاری ہسپتالوں کی ضروریات پوری کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس کے لیئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ٬عوام کوکسی قسم کی شکایت نہ ہو یہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ہسپتالوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے ایسا ماحول فراہم کیا جائے کہ لوگ یہاں آ کر ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند ہو کر جائیں٬سرکاری ادارے عوام کی خدمت کے لیئے ہیںاور ان میں تعینات عملہ عوام کا خادم ہے ۔