تاجر برادری کی طرف سے جی نائن مرکز کی 8سال پرانی سڑکوں کی جلد کارپٹنگ کا مطالبہ

اسلام آباد کی اکثر مارکیٹیں جدید سہولیات سے محروم ہیں ٬ترقیاتی کاموں کی حالت تسلی بخش نہیں ہے٬ خالد اقبال ملک چیئرمین سی ڈی اے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں ٬اس سلسلے میں دو کمیٹیاں بنا دی ٬ صدر اسلام آباد چیمبر کا وفد سے خطاب

بدھ 2 نومبر 2016 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) جی نائن مرکز٬ اسلام آباد کی انجمن تاجران کے ایک وفد نے یونین کے صدر جمیل احمد مروت کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اپنی مارکیٹ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی نائن مرکز میں گذشتہ سات آٹھ سال سے سڑکوں کی کارپٹنگ نہیں کی گئی جس سے ان سڑکوں کی حالت بہت خراب چکی ہے جبکہ فٹ پاتھ بھی ٹوٹے ہوئے ہیں اور ان مسائل کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں ۔

انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کاروباری مر کز کی خستہ حال سڑکوں کی جلدکارپٹنگ کرنے اور فٹ پاتھ مرمت کرنے پر توجہ دے تا کہ کاروبار کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سی ڈی اے کو تحریری طور پر بھی آگاہ کیا گیا لیکن محکمہ نے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں میاں محمد شبیر گروپ چیئرمین٬ راجہ ذولفقار جنرل سیکرٹری٬ راجہ مظہر جاوید سینئر نائب صدر اور دیگر عہدیداران و ممبران شامل تھے۔

جمیل احمد مروت نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی اس وقت اسلام آباد میں تاجر برادری کا سب سے اہم مسئلہ بنا ہوا ہے جس وجہ سے آئے دن بیلف دکانداروں کو دکانیں خالی کرانے آ جاتے ہیں لہذا چیمبر کرایہ داری کا نیا بل جو قومی اسمبلی کی ایک قائمہ کمیٹی کے پاس پڑا ہوا ہے٬ اس کو پاس کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے نے جولائی 2012میں جی نائن مرکز کیلئے فلٹریشن پلانٹ منظور کیا تھا جو ابھی تک نہیں لگایا گیا اور علاقے کی تاجر برادری پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی نائن مرکز میں اکثر سٹریٹ لائٹس کام نہیں کر رہیں جس وجہ سے کارچوری٬ ڈکیتی اور موبائل فون چوری کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے جی نائن مرکز میں فوری طور پر سٹریٹ لائٹس بحال کرے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ اسلام آباد کی اکثر مارکیٹیں جدید سہولیات سے محروم ہیں اور ترقیاتی کاموں کی حالت تسلی بخش نہیں ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں دو کمیٹیاں بنا دی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ کمیٹیاں جی نائن مرکز سمیت تمام مارکیٹوںکے مسائل حل کرنے اور ان کی بہتر ترقی کیلئے فعال کردار ادا کریں گی تا کہ کاروبار کے فروغ کیلئے سازگار حالات پیدا ہوں۔

انہوں نے جی نائن مرکز کی انجمن تاجران کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کے مسائل ہر متعلقہ فورم پر اجاگر کرے گا تا کہ ان کا جلد کوئی حل نکلے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک٬ نائب صدر طاہر ایوب٬ فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید٬ مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ٬ فیڈریشن کے نائب صدر ظفر بختاوری٬ چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی٬ عمران باجوہ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے ۔

متعلقہ عنوان :