کوئٹہ٬ گڈانی شپ یارڈ میں تباہ شدہ جہاز سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئیں٬جاں بحق مزدروں کی تعداد 16 ہوگئی

بدھ 2 نومبر 2016 16:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) گڈانی شپ یارڈ میں تباہ شدہ جہاز سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئیں۔ حادثے میں جاں بحق مزدروں کی تعداد 16 ہوگئی۔ کئی گھنٹوں بعد بھی جہاز کے شعلے ٹھنڈے نہیں ہوسکے۔تفصیلات کے مطابق گڈانی میں گزشتہ روز تباہ ہونے والے کروڈ آئل سے بھرے ناکارہ بحری جہاز میں دھماکہ کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا ۔

گزشتہ روز گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں لائے گئے ناکارہ بحری جہاز پر مزدور٬ گیس کٹر کے ذریعے جہاز کے مختلف حصوں کو توڑنے میں مصروف تھے کہ وقفے وقفے سے دھماکے شروع ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق کئی کلو میٹر دور تک سٴْنائی دینے والے دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوہے کی وزنی چادریں کاغذ کے پرزوں کی طرح اوپر بلند ہوئیں اور مزدوروں پر آگریںدھماکوں کے بعد جہاز میں ہر طرف آگ لگ گئی٬ بہت سے مزدوروں نے سمندر میں چھلانگ لگا کر جان بچائی تاہم کئی مزدوروں کو سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی بھیج دیا گیا۔نیوی٬ایئرفورس٬ پورٹ ٹرسٹ٬ کے ایم سی اور دیگر اداروں کے فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف رہے جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی کیمیکل ملے پانی کا اسپرے کیا گیا ۔ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب بھی درجنوں مزدور جہاز کے اندر محصور ہیں اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔