پولیس شیلنگ سے ہمارا کوئی کارکن جاں بحق نہیں ہوا٬پرویز خٹک نے تصدیق کردی

ہماری جدوجہد اور تحریک کی وجہ سے عدالت نے پانامہ لیکس پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ٬ وزیر اعلیٰ کی اسلام آباد روانگی سے قبل کارکنوں سے خطاب

بدھ 2 نومبر 2016 16:37

پولیس شیلنگ سے ہمارا کوئی کارکن جاں بحق نہیں ہوا٬پرویز خٹک نے تصدیق ..

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ برہان میں پولیس شیلنگ سے ہمارے قافلے کا کوئی کارکن جاں بحق نہیں ہوا ہے۔ ہماری جدوجہد اور تحریک کی وجہ سے عدالت عظمیٰ نے پانامہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے منعقدہ اظہار تشکر جلسے کے لئے روانہ ہونے سے قبل صوابی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا جھگڑا اور تحریک ہی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے تھی۔ عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ نواز شریف تلاشی دیں یا مستعفی ہو جائیں۔ پرویز خٹک نے کہا ہمارے کارکن حکمرانوں کے احتساب کے لئے ہر حد تک جانے کو تیار تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ قابل احتساب حکمرانوں کو آرام سے ملک لوٹنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس شیلنگ سے اپنے کارکنوں کو زخمی نہیں دیکھنا چاہتے تھے اس لئے صبر و تحمل و مظاہرہ کیا۔

عمران خان نے بھی صورتحال کے باعث عدالتی فیصلے کا انتظار کرنے کو کہا تھا تاہم پاکستان تحریک انصاف کے قارئین مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی جدوجہد تحریک اور عزم کے باعث سپریم کورٹ نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا ۔ تاہم ہمیں یقین ہے عدالت ان کی صاف ستھری تلاشی لے گی۔ پرویز خٹک نے برہان کے قریب پولیس تصادم اور شیلنگ کے باعث اپنے قافلے کے کسی کارکن کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات کو مسترد کیا اور کہا کہ ہمارا کوئی کارکن شیلنگ میں جاں بحق نہیں ہوا۔۔( علی)