ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموںکی بروقت تکمیل اور کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے٬ شیخ آفتاب احمد

بدھ 2 نومبر 2016 16:09

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے موجودہ دور حکومت میں ملک میں ترقی کا جو سفر شروع ہواہے اس سے سیاسی مخالفین کو اندازہ ہو گیا ہے کہ اب صرف نعروں سے کام نہیں چلے گا اور روایتی سیاست کی بجائے کارکردگی سے لوگوں کو متاثر کرنا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلع میں جاری 238 ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلا بحث کی گئی جن پر 408 ملین روپے خرچ ہوں گے ٬ ان منصوبوں میں تعلیم ٬صحت٬ سڑکوں کی تعمیرومرمت ٬بحالی اور سکولوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے ٬ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ان سکیموں کی بروقت تکمیل اور کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی ذاتی خواہش ہے اور اس مقصد کے لئے وزیر اعظم نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ان کاموں کی نگرانی کرے گی اور ا س کی بروقت تکمیل اور کام کے معیار کو یقینی بنائے گی۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ ضلع میں زرعی حوالے سے جاری ترقیاتی سکیموں پر خاص طور پر توجہ دی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے٬ انہوںنے کہا کہ ان ترقیاتی کاموں کے معیارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور معیار کے مطابق کام نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے اور صحیح کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کو سہولیات کے حوالے سے بڑے شہروں کے برابر لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے