کنٹرول لائن پرشہری آبادیوں پر بھارت کی طرف سے بلااشتعال گولہ باری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے‘لائن آف کنٹرول پربلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں

ْمسلم لیگ (ن) ضلع بھمبرکے صدروسابق ممبراسمبلی وممبرکشمیرکونسل راجہ مقصود احمدخان کا بیان

بدھ 2 نومبر 2016 16:09

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء) مسلم لیگ (ن) ضلع بھمبرکے صدروسابق ممبراسمبلی وممبرکشمیرکونسل راجہ مقصود احمدخان نے کہاہے کہ کنٹرول لائن پرشہری آبادیوں پر بھارت کی طرف سے بلااشتعال گولہ باری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے لائن آف کنٹرول پربلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی وہ بھارتی جارحیت کافوری نوٹس لیں۔

انھوں نے کہاکہ بھارتی بزدلانہ کارروائیوں سے سیز فائرلائن پررہنے والے شہری ڈرنے والے نہیں ان کے جذبے بلند ہیںاور بھارت کی کسی قسم کی جارحیت کامنہ توڑ مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ مودی سرکار لائن آف کنٹرول پراشتعال انگیزی پھیلاکرمقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹاناچاہتی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیریوںکی اس تحریک کواب دنیاکی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

بھارت جتنے ظلم مقبوضہ کشمیرمیں کررہاہے کشمیریوںکی تحریک میں اتنی ہی شدت آرہی ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پربین الاقوامی دنیاکی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انھوں نے متاثرین کنٹرول لائن سے کہاکہ مشکل کی گھڑی میں ن لیگ کی حکومت آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ جلد لائن آف کنٹرول کے اطراف میں سڑکوں٬ بجلی ٬ پینے کے صاف پانی اور صحت کی بنیادی ضروریات بہم پہنچانے کے لیے ن لیگ کی حکومت ضروری اقدامات اٹھائے گی ۔

تحصیل ہیڈکوارٹر سماہنی میں ڈاکٹروں سمیت دیگر عملہ کو تعینات کیاجائے گا۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے متاثرین لائن آف کنٹرول سماہنی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ بھارت جتنے مرضی ظلم کرلے ایک نہ ایک دن اس کو کشمیرچھوڑناہی پڑے گا۔ اب جو تحریک مقبوضہ کشمیرمیںبرہان مظفروانی کے شہید ہونے کے بعد چل رہی ہے اس کو روکنا بھارت کے بس میں نہیں ہے۔

کشمیرجلد آزاد ہوکرپاکستان کاحصہ بنے گا۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قابض فوج کے کشمیریوں پر مظالم اور لائن آف کنٹرول پرشہری آبادیوں پربھارت کی طرف سے شدید گولہ باری پرعالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت متاثرین کنٹرول لائن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ان کے تمام مسائل ترجیح بنیادوں پرحل کریں گے۔ انھوںنے کہاکہ حلقہ سماہنی کی دس سالہ محرومیوں کون لیگ کی حکومت ختم کرے گی اور تعمیروترقی کا انقلاب لائے گی۔