ڈاکٹر عاصم کی بہت جلد دیگر مقدمات میں بھی ضمانت ہوجائے گی٬وزیراعلیٰ سندھ

بلاول بھٹونے مڈ ٹرم انتخابات کی بات نہیں کی٬پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے٬سید مراد علی شاہ مجالس کو تحفظ فراہم کرنا پولیس ٬سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے٬دہشت گردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ٬میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 نومبر 2016 15:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے ڈاکٹر عاصم حسین کو ضمیر کا قیدی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر عاصم کی بہت جلد دیگر مقدمات میں بھی ضمانت ہوجائے گی۔بدھ کو وزیراعلی سندھ سیدمرادعلی شاہ نے جناح اسپتال میں ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کی اور ڈاکٹرعاصم حسین کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔اس موقع پرسید مراد علی شاہ نے کہاکہ ڈاکٹر عاصم کو اذیت دینے والے خود اذیتوں میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کو ایک سال سے زائد عرصے سے سیاسی قیدی بنایا ہوا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمیں عدالتوں پر یقین ہے٬ڈاکٹرعاصم تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد رہا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عاصم پرنیب کے مقدمات باقی ہیں٬اور بہت جلد ڈاکٹر عاصم کی نیب کے مقدمات میں بھی ضمانت ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ میں مولابحش چانڈیو کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور ابتدا میں گڈانی حادثے میں جاں بحق افرادکیلیے فاتحہ خوانی ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ مجالس کو تحفظ فراہم کرنا پولیس اور سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردی کرتے ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہے۔وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے مڈٹرم الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹونے مڈ ٹرم انتخابات کی بات نہیں کی٬پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے مطالبات جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلیے ہیں اورہمارے لیے کامیابی جمہوریت کی مضبوطی میں ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ میں18سے 65 سال کے افراد کی حادثاتی موت میں اہل خانہ کوپیسے ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کوپیسے بیوروکریسی کے ذریعے نہیں انشورنس کمپنی سے براہ راست ملیں گے۔