خصوصی افراد ہماری خاص توجہ کے مستحق ہیں٬ان کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے

بدھ 2 نومبر 2016 13:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) خصوصی افراد ہماری خاص توجہ کے مستحق ہیں جنہیں عام بچوں کی طرح بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کر کے انہیں معاشرہ کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خصوصی افراد بالخصوص بچوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہیں الله تعالیٰ نے عام انسانوں کی طرح صلاحیتیں فراہم کی ہوتی ہیں اور ان کی کسی معذوری کو ان کی زندگی میں آڑے نہیں آنے دینا چاہئے بلکہ اکثر ایسے بچے عام بچوں کی نسبت غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے بالخصوص بصارت یا سماعت سے محروم بچے ہماری ذرا سی توجہ سے نہ صرف اپنی تعلیمی ضروریات پوری کر سکتے ہیں بلکہ وہ عام لوگوں کی طرح زندگی گذار کر اپنے اور اپنے اہل خانہ کی مدد بھی کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بچوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس سے ان میں زندگی میں آگے بڑھنے کا جذبہ ماند پڑ جاتا ہے۔ ان بچوں کے ساتھ خصوصی شفقت اور محبت کی ضرورت ہے اور ان کے دکھ درد بانٹنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بصارت یا سماعت سے محروم بچوں کے لئے خصوصی سلیبس اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں۔