پانامہ لیکس پر نواز شریف تکنیکی پہلوئوں میں چھپ رہے ہیں ٬ْ وزیراعظم نے صوبائی منافرت پھیلائی ٬ْ لطیف کھوسہ

پیپلز پارٹی عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے ٬ْسڑکوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ٬ْ الیکشن کمیشن ہی وزیر اعظم کی نا اہلی کا درست فارم ہے ٬ْ گفتگو

بدھ 2 نومبر 2016 13:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ نواز شریف پانامہ لیکس کا جواب دینے کے بجائے تکنیکی پہلوئوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں ٬ْپیپلز پارٹی عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اورسڑکوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی٬ الیکشن کمیشن ہی وزیراعظم کی نااہلی کا درست فورم ہے۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پانامہ لیکس کے معاملے کی سماعت روکنے یا جاری رکھنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا اور کہا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے یہ فیصلہ کریں گے کہ الیکشن کمیشن اس معاملے کی سماعت جاری رکھے یا روک دے۔

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ شریف برادران اور اسحاق ڈار کے بیانات کافی مبہم ہیں اور اربوں روپے بیرون ملک کیسے گئے یہ نہیں بتایا گیا جبکہ بیرونی جائیدادوں کا گوشواروں میں ذکر نہیں اور جواب تک نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس معاملے کے ملک پر اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے نمائندے صادق اور امین ہونے چاہئیں٬ نواز شریف تکنیکی پہلوئوں میں چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شاہی خاندان خود کو قانون سے مبرا سمجھتا ہے جبکہ حکومت چھپ رہی ہے اور پانامہ لیکس پر جواب نہیں دینا چاہتی٬ جائیدادیں بچوں کے نام اس لئے ہی خریدی گئیں کیونکہ یہ چھپانا مقصود تھا ۔ وزیراعظم کے پاس وزیراعظم رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔سابق گورنر نے کہا کہ نواز شریف نے وفاق کو بہت نقصان پہنچایا اور صوبائی منافرت بھی پھیلائی۔ عمران خان اپنے لاک ڈائون کے اعلان پر عمل تو نہیں کر سکے البتہ حکومت نے خود ملک میں لاک ڈائون کر رکھا تھا۔