پنجاب کے مختلف شہر نومبر شروع ہوتے ہی دھند کی لپیٹ میں آگئے ٬ 20سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ٬ ایک جاں بحق ٬ متعدد زخمی

شیخوپورہ ٬گردونواح میں شدید دھند ٬موٹروے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ٬لاہور ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی تمام ائیر لائنز کو وارننگ شاہ کوٹ میں لاہور روڈ پر دھند کے باعث حد نگاہ پانچ میٹر رہ گئی ٬ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کی فوگ لائٹس بھی جلائے رکھیں‘ ترجمان موٹر وے

بدھ 2 نومبر 2016 13:29

لاہور /شیخوپورہ /فیصل آباد /(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر نومبر شروع ہوتے ہی دھند کی لپیٹ میں آگئے ٬ سردی اور خنکی بھی بڑھنے لگی٬ مختلف مقامات پر شدید دھنے کے باعث تین مسافر بسوں سمیت 20سے زائد گاڑیوں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ٬ شیخوپورہ اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث موٹروے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جبکہ لاہور ائیرپورٹ پر بھی سول ایوی ایشن نے تمام ائیر لائنز کو وارننگ جاری کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق نومبر شروع ہوتے ہی پنجاب کے مختلف شہر دھند کی لپیٹ میں آگئے ہیں اور گزشتہ روز صبح لاہور اور گردونواح میں نظر آنے کی حد کافی کم ہوگئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

شیخوپورہ اور گردو نواح میں بھی شدید دھند کے باعث حد نگاہ 20 سے 25 میٹر تک رہ گئی ہے٬ حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے کو شیخو پورہ انٹرچینج کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے کے مطابق گاڑیوں کو قافلے کی صورت میں روانہ کیا جارہا ہے ٬ پنڈی بھٹیاں میں بھی شدید دھند سے حد نگاہ دس میٹر رہ گئی ہے۔موٹر وے انتظامیہ کے مطابق موٹر وے ایم ٹو سے کوٹ سرور حد نگاہ بیس میٹر رہ گئی جبکہ موٹر وے ایم تھری پر حد نگاہ بیس سے پچیس میٹر رہ گئی ہے۔موٹر وے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات احتیاط سے گاڑی چلائیں اور اپنی گاڑیوں کی فوگ لائٹس بھی جلائے رکھیںجبکہ حد نگاہ ٹھیک ہوتے ہی موٹر وے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے سول ایوی ایشن انتظامیہ کو موسمی وارننگ جاری کر دی گئی ۔ میٹ آفس کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کے رن وے اور اس کے اطراف حد نگاہ 2000میٹر سے کم ہو کر 800میٹر تک رہ گئی ہے جس میں مزید کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے ۔سول ایوی ایشن انتظامیہ کے مطابق آنے جانے والی پروازوں کا آپریشن بحال رکھنے کے لیے حد نگاہ کا500 میٹر تک ہونا لازمی ہے٬ اگر حد نگاہ 500 میٹر سے بھی کم ہو جائے تو فلائیٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

اس سلسلے میں تمام ائیر لائنز کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ لاہور سے آپریٹ کیے جانے والے تمام طیاروں کوجدید لائٹنگ سسٹم کے مطابق اپ ڈیٹ کرلیں تاکہ دھند میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے آنے جانے والے مسافروں کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اپنی پروازوں کی آمد و روانگی کے متعلق ائیرپورٹ پہنچنے سے پہلے ٹیلی فون نمبر 042990313126 پر رابطہ کر لیں تاکہ انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔

شاہ کوٹ میں لاہور روڈ پر دھند کے باعث حد نگاہ پانچ میٹر رہ گئی ٬ موٹر وے حکام کے مطابق دھند کے باعث تین مسافر بسوں سمیت پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 9افراد زخمی ہیں۔ فیصل آباد روڈ پر پنواں کے قریب بیس گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں بھی شدید دھندکے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی٬لاہور اسلام آباد موٹر وے پر شدید دھند کا راج ہے٬ کوٹ مومن اور گردونواح میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے٬ پنڈ دادن خان موٹر وے ایم ٹو پنڈی بھٹیاں سے شیخوپورہ تک دھند حد نگاہ دس سے پچاس میٹر ہوگئی۔