Live Updates

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا پاناما لیکس کے حوالے سے وزیر اعظم اور دیگر افراد کے خلاف نا اہلی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کرنے کا فیصلہ- عمران خان اور جہانگیر ترین کو سپیکر کے بھیجے گئے ریفرنس پر جواب دائر کرنے کا حکم‘ سماعت 16 نومبر تک ملتوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 2 نومبر 2016 13:07

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا پاناما لیکس کے حوالے سے وزیر اعظم اور دیگر ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم نومبر۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاناما لیکس کے حوالے سے وزیر اعظم اور دیگر افراد کے خلاف نا اہلی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان پیپلز پارٹی ، پاکستان عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، کیپٹن (ر) صفدر اور حمزہ شہباز کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

اسی طرح عمران خان پر غلط بیانی اور اثاثے چھپانے جبکہ جہانگیر ترین کے خلاف قرض معاف کرانے کے الزام میں انفرادی طور پر الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین کے خلاف ملک خلیل احمد اور بلال مصطفیٰ بھٹہ جبکہ عمران خان کے خلاف شاہ نواز ڈھلوں نامی شخص نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں جمع کرائی تھیں۔چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں وزیر اعظم کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے موقف اختیار کیا کہ چونکہ پاناما کے معاملے پر سپریم کورٹ سماعت کررہی ہے لہٰذا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن کو سماعت روک دینی چاہیے۔

تاہم اس درخواست پر پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے اعتراض اٹھایا ، پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ میں جاری کیس میں وہ فریق ہی نہیں لہٰذا الیکشن کمیشن سماعت جاری رکھے۔تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے سماعت روکنے کا کوئی حکم نہیں دیا اور الیکشن کمیشن کو مکمل طور پر یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی کارروائی جاری رکھے اور ان ریفرنسز پر فیصلہ سنائے۔

الیکشن کمیشن نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس پر الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو 16نومبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب دائر کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف اسپیکر کے ریفرنس پرسماعت ہوئی۔عمران خان اور جہانگیر ترین کمیشن میں پیش نہیں ہوئے، حامد خان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، حامد خان نے استدعا کی کہ پٹیشنر خود پیش نہیں ہوئے اسلئے ریفرنس کو مسترد کیا جائے۔چیف الیکشن کمیشنر سردار رضا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کے بھیجے گئے ریفرنس میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی حاضری ضروری ہے، اب گیند ہمارے کورٹ میں آگئی ہے فیصلہ ہمیں کرناہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگلے کچھ دن میں الیکشن کمیشن کے ارکان دستیاب نہیں ہوں گے، مقررہ مدت میں فیصلہ کرنا ہے، الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو اسپیکر کے بھیجے گئے ریفرنس پر جواب دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ اسپیکر کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس پر الیکشن کمیشن کو 90 روز میں فیصلہ کرنا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف 4 اگست کو اسپیکر کے سامنے ریفرنسز پیش کیے گئے تھے جس کے بعد 5 ستمبر کو اسپیکر نے ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بھیج دیے تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات