شاہ رخ خان٬ سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘میں شامل

سلمان خان کی فلم’’ٹیوب لائٹ‘ اگلے سال عید پر ریلیز ہوگی دونوں اداکار ایک ساتھ آخری مرتبہ 2007 کی فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ میں نظر آئے تھے

بدھ 2 نومبر 2016 11:54

شاہ رخ خان٬ سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘میں شامل
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) بولی وڈ اداکار سلمان خان اور شاہ رخ خان ایک دوسرے کے قریبی دوست ہیں٬ اور اب یہ دونوں اداکار ایک ساتھ فلم’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں نظر آئیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان ہدایت کار کبیر خان کی آنے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں ایک مختصر کردار کے لیے شامل کیے گئے ہیں٬ جس میں سلمان خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

شاہ رخ خان کا یہ کردار ان سے قبل معروف اداکار شتروگن سنہا کو کرنا تھا تاہم بعد ازاں اس کی آفر شاہ رخ خان کو کردی گئی۔واضح رہے کہ یہ دونوں اداکار ایک ساتھ آخری مرتبہ 2007 کی فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ میں نظر آئے تھے٬ جب سلمان خان نے شاہ رخ کی کامیاب فلم میں ایک مختصر سین کیا تھا اور اب 9 سال بعد یہ پھر اکھٹے ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

سلمان خان اور شاہ رخ خان اپنے کیریئر میں ایک ساتھ تقریباً 6 فلموں میں کام کرچکے ہیں٬ جن میں ’’کرن ارجن‘‘٬’’ہر دل جو پیار کرے گا‘‘٬’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘٬ ’’ہم تمہارے ہیں صنم‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔

سلمان خان کی فلم’’ٹیوب لائٹ‘ اگلے سال عید پر ریلیز ہوگی۔کبیر خان اور سلمان خان نے اب تک دو فلموں میں کام کیا ہے جن میں ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ اور’’بجرنگی بھائی جان‘‘ شامل ہیں٬ جبکہ ’’ٹیوب لائٹ‘‘ ان کی ایک ساتھ تیسری فلم ہوگی۔

متعلقہ عنوان :